ممبئی : بے وفا بیوی نے شوہر کو تڑپا تڑپا کر موت کے گھاٹ اتارا, معصوم بچی کی گواہی نے کھولا راز
ممبئی: ممبئی کے گورے گاؤں میں بے وفا بیوی نے شوہر کی جان لے لی۔ بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا لیکن خاتون کی بڑی بیٹی نے سارا راز فاش کر دیا۔ پولیس نے شوہر کو موت کے گھاٹ اتارنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک جو معلومات سامنے آئے ہیں ان کے مطابق بیوی نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کی سازش رچی تھی۔ پولیس کے مطابق بیوی کے اپنے شوہر سے تعلقات کافی عرصے سے خراب تھے۔ دونوں میں جھگڑا ہوا۔
پولیس کے مطابق, 35 سالہ راج شری اہیرے ساکن آرے کالونی, گورے گاؤں, ممبئی کا اپنے شوہر بھرت لکشمن آہیرے کے ساتھ کافی دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔ راج شری اہیرے کا چندر شیکھر نامی نوجوان سے معاشقہ تھا۔ راج شری اور چندر شیکھر نے مل کر بھرت کو ختم کرنے کی سازش رچی۔ 15 جولائی کی رات, چندر شیکھر نے بھرت کو گورے گاؤں ایسٹ میں ایک مقام پر بلایا۔ جہاں دوسرے ملزم کی مدد سے بھرت کی پٹائی کی۔ بیوی شوہر کو زخمی حالت میں اسپتال لے جانے کے بجائے اپنے گھر لے گئی۔ اس نے اسے تین دن تک علاج کے بغیر چھوڑ دیا۔ بھرت کی حالت بگڑتی رہی, لیکن بیوی نے کوئی طبی امداد نہیں پہنچائی۔ آخر کار بھرت مر گیا۔ ممبئی پولیس کے مطابق اس کی 2 بیٹیاں اور 3 سالہ بیٹا خاتون کے ظلم کے گواہ بنے۔ انہوں نے رشتہ داروں کو اپنے والد کی حالت سے آگاہ کیا۔ جب رشتہ دار وہاں پہنچے تو راج شری نے دعویٰ کیا کہ بھرت موٹر سائیکل حادثے میں زخمی ہوا ہے، لیکن پولیس نے راج شری کے دعوے پر شک کیا۔ پولیس نے جوڑے کے بچوں سے بات کی تو حقیقت سامنے آگئی۔ بھرت کی موت 5 اگست کو ہوئی۔ پولیس نے راج شری کو قتل کی سازش اور جان بوجھ کر اپنے شوہر کو مرنے دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کا عاشق چندر شیکھر اور اس کا ساتھی رنگا ابھی تک مفرور ہیں۔ دونوں کی تلاش جاری ہے۔ جوڑے کی ایک بیٹی کی عمر 13 سال اور دوسری کی عمر 5 سال ہے۔ میاں بیوی کے درمیان تیسرے شخص کی موجودگی نے پورے خاندان کو تہس نہس کر دیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں