تعلیم سے روشناس کرنا ہم سب کی ذمہ داری: مفتی محمد یوسف قاسمی
ممبئی 8/دسمبر : دین کی بنیادی تعلیم سے بڑھتی بے توجہی اور بے رغبتی کہیں نا کہیں ہماری بربادی، تنزلی اور مغلوبیت کا باعث ہے۔ ہم دینی تعلیم کے ذریعہ ہی اپنی زندگی، گھر اور معاشرہ کے پیچ و خم کو سلجھا سکتے ہیں،اور دنیا و آخرت کی فلاح پا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مفتی محمد یوسف قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر و صدر سینٹرل زون، ممبئی نے بھارت نگر باندرہ میں منعقدہ جمعیۃ علماء کی ایک میٹنگ میں کیا۔
۶/ دسمبر بروز منگل بعد نماز عشاء مکہ مسجد بھارت نگر باندرہ میں مفتی بلال احمد ناظم اصلاح معاشرہ سینٹرل زون ممبئی کی صدارت میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں زون کے عاملہ کے ممبران اور یونٹوں کی اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی۔
مفتی محمد یوسف قاسمی نے کہا کہ علم کے ذریعہ انسان کی فکری تربیت اور ذہنی پرورش ہوتی ہے،جس کا نتیجہ انسان کی اپنی ذات،گھر اور معاشرے پر ظاہر ہوتا ہے۔اس لئے ہمیں خود اور اپنی اولاد کی دینی تعلیم و تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔
میٹنگ میں جمعیۃ علماء کو منظم و مستحکم کرنے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا، اور معاشرہ میں پھیلی بے جا رسم و رواج کے خاتمہ کیلئے پورے زون میں اصلاح معاشرہ کے پروگرام کو مرتب کیا گیا،دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں دھاراوی یونٹ،تیسرے ہفتہ میں باندرہ یونٹ،چوتھے ہفتہ میں کھار یونٹ اور جنوری کے پہلے ہفتہ میں بھارت نگر یونٹ میں اصلاح معاشرہ کا پروگرام ہونا طے کیا گیا۔نیز مشورہ میں طے کیا گیا کہ اصلاح معاشرہ کے پروگراموں میں ایمانیات اور رسم و رواج کو موضوع بنایا جائے اور والدین کو اولاد کی تعلیم و تربیت کی نگرانی کا احساس دلایا جائے۔
اصلاح معاشرہ کے پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے ائمہ مساجد اور ذمہ داران مساجد کو اپنے پروگرام میں شامل کیا جائے، دینی تعلیم کے لئے مکاتب اور عوام میں رفاہی کاموں کے ذریعہ خدمات انجام دیا جائے۔
اخیر میں مفتی محمد یوسف قاسمی صدر جمعیۃعلماء سینٹرل زون ممبئی کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ قاری احکام اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں