src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> ممبئی کی تاریخی جامع مسجد کے وسیع وعریض حوض کی ۲۲؍برس بعد مکمل صفائی - مہاراشٹر نامہ

 


Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

اتوار، 13 جون، 2021

ممبئی کی تاریخی جامع مسجد کے وسیع وعریض حوض کی ۲۲؍برس بعد مکمل صفائی



ممبئی کی تاریخی جامع

 مسجد کے وسیع وعریض

 حوض کی۲۲؍برس بعد مکمل

 صفائی

۲۳۰ سالہ اس قدیم مسجد کی بنیادیں حوض پرقائم ہیں اورقدرتی طور پر دیواروں اور فرش سے میٹھے پانی کےمتعدد چشمے جاری ہیں۔


 

ممبئی کرافورڈ مارکیٹ کی تاریخی جامع مسجد
 کے وسیع و عریض حوض کی ۲۲؍برس بعد اس طرح مکمل صفائی کی جارہی ہے کہ حوض کا پور اپانی نکال دیا گیا ہے ، اب مٹی وغیرہ صاف کی جارہی ہے۔ اس کام کے لئے  ۳؍بڑے واٹر پمپ لگائے گئے  ہیں اور ٢٥ ؍سے زائد عملہ آرکیٹکٹ اور انجینئر کی نگرانی میں اس کام پر مامور ہے ۔ ۲۳۰؍ سالہ اس قدیم اورتاریخی مسجد کی بنیادیں ۱۶۰؍ فٹ لمبے اور ۷۰؍ تا ۸۰؍ فٹ چوڑے حوض پرقائم ہیں اورقدرتی طور پر حوض کی دیواروں اور فرش سے میٹھے پانی کے متعدد چشمے جاری ہیں۔ان چشموں میں سے کسی میں کم تو کسی سے کافی مقدار میں اس قدر پانی نکل رہا ہے کہ صفائی کے بعد پھر پانی جمع ہوجاتا ہے ۔اس کے باوجود دیواریں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔عملہ اسے دیکھ کر حیران ہے ۔۵؍دن سے پانی کی نکاسی کی گئی اب مٹی صاف کی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ حوض میں موجود مختلف اقسام کی مچھلیوں کو بحفاظت بڑے بڑے ٹینک میں رکھا گیا ہے، صفائی کاکام مکمل ہوجانے کے بعد انہیں دوبارہ حوض میں ڈال دیا جائے گا۔

 جامع مسجد کے اس حوض میں اندر سے اوپرتک ۱۸؍سیڑھیاں بنائی گئی ہیں اوران سیڑھیوں میں سے ۸؍سیڑھی تک ہمیشہ پانی رہتا ہے ۔حوض کی گہرائی ۱۲؍ تا ۱۴؍فٹ ہے۔ بہت سے مصلیان اس میں داخل ہوکر وضو کرتے ہیں ۔

 پانی کو اب ہمیشہ صاف شفاف رکھنے کےلئے آکسیجن مشین کی تنصیب کافیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پانی کی ہیئت یا رنگ وغیرہ تبدیل نہ ہو اور از خود صاف ہوتا رہے۔

 تقریباً ۱۷؍سال پہلے حوض کی صفائی کی گئی تھی لیکن اس وقت حوض کا پورا پانی خالی نہیں کیا گیا تھا بلکہ پانی کو صاف کیا گیا تھا لیکن اس وقت چونکہ لاک ڈاؤن ہے اورمسجد میں محض عملہ ہی نماز ادا کر رہا ہے اورپانی کی ہیئت بھی بدل گئی تھی اس لئے اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے اس کام کا آغاز کیا گیا اور امید ہے کہ جب چند دن میں کووڈ کے حالات میں مزید بہتری کے بعد مساجد میں پہلے کی طرح مصلیان نماز ادا کریں گے تو اس صاف صفائی کاوہ مشاہدہ کرسکیں گے۔ 

 نمائندۂ انقلاب کے استفسار کرنے پر ان تفصیلات سے جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب نے آگاہ کروایا ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال ہی اس کام کے لئے ترتیب بنائی گئی تھی لیکن چونکہ اس کام کےلئے مختلف ماہرین کی خدمات درکار تھیں اورسب کی موجودگی ضروری تھی جو گزشتہ سال کسی سبب ممکن نہ ہوسکی ،اس دفعہ ترتیب بن گئی اورنہ صرف کام کا آغاز کر دیا گیا بلکہ آدھے سے زیادہ کام مکمل بھی کر لیا گیا ہے۔

صاف صفائی کے دوران مسجد کی دیواریں ، طرز تعمیر، پختگی اورمضبوطی دیکھ کرخوش گوار حیرت ہوئی کہ ۲۳۰؍سال سے پانی پر کھڑے رہنے کے باوجود اللہ کے مقدس گھر کی دیواروں کو نقصان نہیں پہنچا ہے اور انجینئروں کے مطابق بحمداللہ مسجد کی دیواریں پوری طرح سے محفوظ اور مضبوط ہیں۔‘‘

ممبئی کی اس تاریخی جامع مسجد میں شاندار لائبریری ہے جس میں مختلف موضوعات پر ١٦٠٠٠ نادر و نایاب کتابیں ہیں۔

ان کتابوں کو مکمل طور پر محفوظ رکھنے کے لیے کچھ عرصہ قبل انکا ڈیجیٹائزیشن کیا گیا ہے۔

جامع مسجد میں قدیم روئت ہلال کمیٹی ہے، جو سو سال سے زائد پرانی ہے.
یہاں چاند کے تعلق سے علماء اور روئت ہلال کمیٹی کے اراکین کے باہمی مشورہ سے شریعت مطہرہ کی روشنی میں عامۃ المسلمین کی راہنمائی کی جاتی ہے۔


بشکریہ
سعید احمد خان
انقلاب ممبئی


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages