مالیگاؤں کی مالدہ کالونی میں بنیادی سہولیات کے فقدان سے ساکنین کو پریشانی
رکن اسمبلی قائد و سالار مفتی محمد اسماعیل قاسمی کا پی ڈبلیو ڈی کے افسران کے ساتھ دورہ
مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کے جنوبی علاقے میں واقع گیارہ ہزار مالدہ کالونی میں بنیادی سہولیات نا ہونے کی وجہ سے ساکنین کو اول دن سے ہی مختلف پریشانیوں کا سامنا رہا ہے۔ رات دن ترقی کا ڈھنڈھورا پیٹنے والا اور انسانیت کے ناطے دابھاڑی کو پانی دینے والا کانگریسی بر سر اقتدارٹولہ مالدہ کالونی میں رہنے والوں کو شاید انسان نہیں سمجھتا اس لئے ان کے مسائل سے آنکھیں بند کرکے اقتدار کے نشے میں دُھت ہے۔ صاف صفائی نا ہونے سے دن بدن بڑھتی ہوئی گندگی اور بر وقت طبی امداد نا ملنے سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے وہیں زچہ خانہ نا ہونے کی وجہ سے حاملہ خواتین کو بھی شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ دنوں کالونی کے ساکن مسلم نامی شخص کی موت بر وقت طبی امداد نا ملنے کی وجہ سے ہوئی تھی اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہوچکے ہیں۔ اطلاع ملنے پر رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے مالدہ کالونی کا دورہ کیا کالونی کے ساکنین نے مفتی صاحب کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا اور ساکنین کو ہورہی مختلف پریشانیوں کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ کالونی میں ایک دواخانے کی عمارت بن کر تیار ہے مگر دواخانہ ابھی تک جاری نہیں ہوسکا ساکنین نے جلد از جلد دواخانہ جاری کرنے کی گزارش کی اس کے علاوہ صاف صفائی نا ہونے کی شکایت بھی ملی۔ مفتی موصوف نے تمام باتوں کو سنا اور دواخانے کو ایمبولینس کی سہولت کے ساتھ شروع کرنے کا وعدہ کیا اس کے علاوہ کالونی میں ایم ایل اے فنڈ سے زچہ خانہ بنانے کا بھی وعدہ کیا۔
پچھلی ٹرم میں مفتی موصوف نے مالدہ کالونی کے پاس گرنا ندی سے متصل گارڈن بنانے کے لئے پانچ کروڑ کا خطیر فنڈ منظور کروایا تھا ، سابق رکن اسمبلی اورکانگریسی برسراقتدار ٹولے نے رکاوٹیں پیدا کیں جس کی وجہ سے فنڈ واپس چلا گیا اور یوں باپ بیٹے کی وجہ سے شہر ایک خوبصورت گارڈن سے محروم ہوگیا۔ مفتی صاحب نے گارڈن اور جاگنگ ٹریک کیلئے از سر نو جدوجہد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جس پر پی ڈبلیو ڈی افسران نے بھی اپنی جانب سے بھر پور معاونت کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر مفتی صاحب کے ہمراہ حبیب میاں جی، خالد سکندر، مسعود مولانا کمپاؤنڈ اور مولانا عبدالعلیم پٹیل حاضر رہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں