آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
از :- امتیاز رفیق سر (مالیگاؤں)
8459411616
سرزمینِ بیڑ کی ممتاز، باوقار اور ہر دلعزیز شخصیت، ماہرِ سماجیات، کثیراللسان، نیک سیرت و پاکیزہ کردار کے حامل، اساتذۂ قوم کی توانا آواز، مختلف ملّی و اسلامی تنظیموں کے فعال و مدبر قائد، محترم سید ممتاز ہاشمی صاحب آج 7 مئی 2026 بروز جمعرات اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے۔
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
مرحوم اپنے آپ میں ایک مکمل عہد اور ایک روشن صدی کا عنوان تھے۔ آپ کی شخصیت شفقت، اخلاص، اصول پسندی، دیانت، صوم و صلوٰۃ کی پابندی اور اسلامیات و ایمانیات کی حرارت سے مزین تھی۔ آپ نے اپنی پوری زندگی ملت و سماج کی خدمت، قوم کی آبیاری، تعلیمی بیداری اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے وقف کردی۔ تقریباً 35 برس تک آپ نے جس اخلاص، جرأت اور استقامت کے ساتھ تعلیمی و سماجی خدمات انجام دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مرحوم کی عظمت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ برادرانِ وطن بھی اپنے گھریلو، سماجی اور نجی مسائل کے حل کے لیے سید ممتاز ہاشمی صاحب پر مکمل اعتماد کرتے تھے۔ آپ نہایت صاف گو، مخلص، نرم خو اور حق گو انسان تھے۔ تدریسی خدمات سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی آپ نے قوم و ملت کے مسائل سے کبھی کنارہ کشی اختیار نہ کی بلکہ اساتذہ کے حقوق اور مطالبات کے لیے حکومت کے سامنے جرأت و استقامت کے ساتھ آواز بلند کرتے رہے۔
وہ تو بتا رہا تھا کئی روز کا سفر
زنجیر کھینچ کر جو مسافر اتر گیا
آپ کا وصال ملت، سماج اور تعلیمی حلقوں کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔ یہ ایسا خلا ہے جس کی تلافی شاید مدتوں ممکن نہ ہوسکے۔ اس غم انگیز موقع پر امتیاز رفیق سر (نائب صدر قومی اردو شکشک کرمچاری، نئی دہلی)،NI ایجوکیشن فورم مالیگاؤں عابد خان حمید خان، اسماعیل سر، داؤد سر، وقار سر، ظہیر سر، نور پاشا صاحب، عمران صاحب، واصل گرجر صاحب قومی صدر قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ دہلی اور سرپرست خادمینِ امت ٹرسٹ ناڈیڑ گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، شاگردوں اور وابستگان کی خدمت میں تعزیتِ مسنونہ پیش کرتے ہیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ مرحوم کو کروٹ کروٹ مغفرت نصیب فرمائے، اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جنت الفردوس میں بلند درجات سے سرفراز فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین یارب العالمین




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں