نشاط گرلس ہائی اسکول، مالیگاؤں میں 77واں جشنِ جمہوریہ نہایت شان و شوکت سے منایا گیا
نشاط ایجوکیشنل سوشل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام جاری نشاط گرلس ہائی اسکول میں جشنِ جمہوریہ کا 77 واں جشن نہایت شاندار، منظم اور باوقار انداز میں منایا گیا، جس میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور تعلیمی شعور کے حسین رنگ نمایاں نظر آئے۔
تقریب کا آغاز رسمِ پرچم کشائی سے ہوا، جو رکنِ انجمن، شبکدوش صدر معلم سوئیس ہائی اسکول، مایہ ناز ناظمِ تقریب، ماہرِ لسان و زبان، مالکِ نفس گفتار، اہلِ زبان، شیریں خطیب، اہلِ فکر و فن اور تعلیم و تعلم کی معتبر و باوقار شخصیت جناب اشفاق ایوبی صاحب کے دستِ مبارک سے انجام پائی۔ پرچم کے لہرانے کے ساتھ ہی فضا حب الوطنی کے جذبات سے معمور ہو گئی۔
اس موقع پر طالبات نے نہایت نظم و ضبط اور جوش و خروش کے ساتھ شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا، جس نے ان کی تربیت، خود اعتمادی اور قومی شعور کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مارچ پاسٹ کے بعد پیش کی گئی ڈریل نے طالبات کی جسمانی چستی اور اجتماعی ہم آہنگی کو نمایاں کیا۔
پروگرام کے روحانی و فکری پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے تلاوتِ کلامِ پاک سے محفل کو منور کیا گیا، جس کے بعد بالترتیب حمد، نعت، استقبالیہ گیت اور قومی گیت پیش کیے گئے۔ ان دلنشین پیشکشوں نے سامعین کے دلوں میں ایمان، محبتِ رسول ﷺ اور حبِ وطن کے جذبات کو تازہ کر دیا۔
نشاط گرلس پرائمری اسکول کی طالبات نے خوبصورت تقاریر اور دل موہ لینے والی پیشکش پیش کر کے حاضرین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ طالبات نے اردو، ہندی، مراٹھی اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کر کے لسانی ہم آہنگی، فکری پختگی اور تعلیمی معیار کا شاندار ثبوت پیش کیا۔
اس پروقار تقریب میں نشاط ایجوکیشنل سوشل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین الحاج عارف محمد عباس صاحب کے علاوہ انجمن کے تمام معزز اراکین بنفسِ نفیس موجود رہے۔ معزز مہمانوں نے اساتذہ اور طالبات کی محنت، صلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور پزیرائی کی۔
تقریب کی نظامت سمیہ میڈم نے نہایت خوش اسلوبی، وقار اور ترتیب کے ساتھ انجام دی، جبکہ آخر میں رسمِ شکریہ ادا کی گئی۔ تقسیمِ مٹھائی کے ساتھ یہ رنگا رنگ، بامقصد اور یادگار جشنِ جمہوریہ کی تقریب اختتام پذیر ہوئی، جو حاضرین کے ذہنوں میں ایک خوشگوار اور متاثر کن یاد بن کر نقش ہو گئی۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں