عبدالمجید سالار اقرا اُردو ہائی اسکول، بورنار کی ہمہ جہت تعلیمی سیر جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر
اقرا ایجوکیشن سوسائٹی، جلگاؤں کے زیرِ انتظام عبدالمجید سالار اقرا اُردو ہائی اسکول، بورنار کے طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے مقصد سے ایک روزہ تعلیمی سیر کا اہتمام کیا گیا۔ اس تعلیمی سیر میں اسکول کے 82 طلبہ نے بھرپور اور پرجوش شرکت کی۔
تعلیمی سیر کا پہلا مرحلہ چوپڑا کے شوگر فیکٹری میں مکمل ہوا۔ یہاں طلبہ کو گنے کی پسائی، چینی تیار کرنے کے مختلف مراحل، جدید مشینری اور انتظامی نظام کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ اسی مقام پر اسکول کی جانب سے طلبہ کے لیے ناشتہ کا انتظام کیا گیا، جس سے طلبہ تازہ دم ہو کر مشاہدہ میں مصروف رہے۔
بعد ازاں طلبہ نے شیرپور کی سوت گرنی کا دورہ کیا۔ یہاں کپاس سے دھاگہ تیار ہونے کے مکمل عمل، مشینوں کے طریقۂ کار اور کوالٹی کنٹرول کے بارے میں مالی صاحب کی جانب سے رہنمائی دی گئی۔ اسی مقام پر طلبہ کے لیے دوپہر کے کھانے کا بہترین انتظام بھی کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد طلبہ نے اجتماعی نعت/گیت خوانی سے خوب لطف اٹھایا جس سے سیر کا ماحول مزید خوشگوار اور پرمسرت ہو گیا۔
اس کے بعد طلبہ نے منی ایئرپورٹ کا مشاہدہ کیا، جہاں ہوائی اڈے کی ساخت، رن وے کی اہمیت، حفاظتی انتظامات اور فضائی آمدورفت سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کی گئیں۔
تعلیمی سیر کے آخری مرحلے میں طلبہ نے شیرپور کے ایک باغ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف جھولوں، بوٹنگ اور منی ٹرین سے خوب لطف اندوز ہو کر تفریح حاصل کی۔ تعلیم کے ساتھ تفریح کا یہ حسین امتزاج طلبہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوا۔
یہ پوری تعلیمی سیر انچارج ہیڈ ماسٹر عارف خان سر کی زیرِ نگرانی اور رہنمائی میں نظم و ضبط اور حفاظت کے ساتھ کامیابی سے انجام پائی۔ سیر کے ذمہ دار اساتذہ کی حیثیت سے مظہر خان سر، فیروز خان سر اور جواد انجم سر نے منصوبہ بندی اور عمل درآمد کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ نیز شیخ روشن سر، شیخ امیر سر، یوسف بھائی اور آپا نے دورانِ سیر قیمتی تعاون پیش کیا۔ اس کے علاوہ سیر کی کامیابی میں صادق سر، عابد سر، کلرک عاقب سر اور مشتاق بھائی کا بھی اہم کردار رہا۔
تعلیمی سیر کی کامیابی پر ادارے کے صدر ڈاکٹر عبد الکریم سالار صاحب نے کہا کہ یہ سیر طلبہ کے لیے علم افزا، تجربات سے بھرپور، خوشگوار اور حوصلہ افزا ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عملی مشاہدے سے حاصل ہونے والا علم طلبہ کی تعلیمی ترقی میں یقینی طور پر مددگار ثابت ہوگا اور اس کامیاب انعقاد پر تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کی۔





کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں