ناسک سمردھی ایکسپریس وے پر ٹائر پھٹنے سے خوفناک حادثہ
ناسک : ناسک ضلع کے سنار تعلقہ میں سمردھی ایکسپریس وے پر اتوار کو پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں ایک بھائی اور بہن کی موت ہو گئی، جبکہ چھ بچوں سمیت نو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ پٹولے شیوار کے قریب اس وقت پیش آیا جب کلیان سے ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی کار کا ٹائر اچانک پھٹ گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نیلیش بکانے (38)، ساکن ملند نگر، کلیان اور ان کی بہن ویشالی گھوسلے (35)، ساکن چنچپاڑا، کلیان کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ سنار تعلقہ کے فردا پور جا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کار میں مجموعی طور پر 11 مسافر سوار تھے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب پٹولے علاقے کے قریب چلتی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور کار سامنے سے آ رہی ایک نامعلوم بھاری گاڑی سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کو بری طرح نقصان پہنچا اور اس میں سوار تمام افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی شہری جائے وقوع پر پہنچ گئے اور سمردھی ایکسپریس وے پولیس کی فوری رسپانس ٹیم اور ایمرجنسی خدمات کو اطلاع دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر 108 ایمبولینس اور ہائی وے ایمبولینس کے ذریعے سنار کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاج کے دوران نیلیش بکانے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اورکچھ دیر بعد ان کی بہن ویشالی گھوسلے بھی دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے چند کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے ناسک کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں