جمعیۃعلماء ہندوستان میں اسلامی شعائر کی محافظ ہے : مفتی سید معصوم ثاقب
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کا پانچواں تربیتی اجلاس علاقہ مراٹھواڑہ میں اختتام پذیر
ممبئی ۱۱؍ اگست جمعیۃعلماء ہند کی ہدایت کےمطابق جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے ریاست کی جغرافیائی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پانچ مقامات پر تربیتی اجلاس منعقد کئے،جس کی آخری کڑی علاقہ مراٹھواڑہ کے شہر پربھنی میں منعقد ہونے والا اجلاس تھا۔
پروگرام ظہر کی نماز کے بعد ڈھائی بجے شروع ہوا،جس کی صدارت جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمائی ،اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیۃعلماء ہند کے ناظم عمومی مفتی سید معصوم ثاقب صاحب نے پُر مغز خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے ملک کی ہر وہ علامت جو عام مسلمانوں کے دلوں میں اسلام کے شعار کا درجہ رکھتی ہے،جمعیۃعلماء اس کے تحفظ کے لئے کوشاں رہتی ہے،قطع نظر اس کے کہ اس کی شرعی حیثیت کیا ہے اور اس کے متعلق مسلمان طبقات میں کیا اختلافات ہیں ؟
مفتی سید معصوم ثاقب نے یہ بھی کہا کہ جمعیۃعلماء ایک مذہبی جماعت ہے ،اس لئے اس کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے،بلکہ اپنی سیاسی ضروریات کے لئے سیاسی پارٹیوں کی مدد لینی چاہئے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی صدر اجلاس نے جمعیۃعلماء کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیۃعلماء فوری رد عمل اور وقتی جوش سے یکسر گریز کرتی ہے اور مسئلہ کا باریک بینی سے جائز ہ لیکر اس کے حل کے لئے حکمت عملی تیار کرتی ہے۔
اس اجلاس میں مراٹھواڑہ کے اضلاع کے تقریباً دو سو سے زائد مندوبین نے شرکت کی، مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی (صدر جمعیۃعلماء علاقہ مراٹھواڑہ ) نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ،قاری عبد الرشید حمیدی (نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر وجنرل سکریٹری جمعیۃ علماء علاقہ مراٹھواڑہ ) نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اجلاس کی غرض و غایت بیان کی،نواجوانان پربھنی نے مہمانوں کی خدمت میں گلدستے اور شال پیش کیں ۔
مولانا محمد عارف عمری (نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) ،قاری محمد یونس چودھری (معاون خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر )نے جمعیۃعلماء کے فکر و منہج اور اصلاح معاشرہ کے عنوان سے خطاب کیا ،اور قاری محمد ادریس انصاری (نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر)، حافظ عبد العظیم شاہ (نائب صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ) ،مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی (نائب صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ )،حافظ محمد ذاکر صدیقی (صدر جمعیۃعلماء ضلع بیڑ)نے قومی یکجہتی کی ضرورت و اہمیت، اوقاف بل 2025 ءپر اظہار تشویش،لائوڈ اسپیکر کا مسئلہ اور تحفظ مساجد و مدارس کے عنوان سے تجاویز پیش کیں ۔مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر )نے اس پروگرام کی نظامت کی۔
اہم شرکاء میں مفتی محمد ہارون ندوی (نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر ) ، الحاج محمد مشتاق صوفی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ)، مولانا محمد زبیر قاسمی (رکن مجلس عاملہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر)، مولانا عبد القیوم قاسمی (ناظم ریاستی دینی تعلیمی بورڈ )، مولانا عبد القیوم قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع ناسک )، مولانا حبیب الرحمٰن قاسمی(صدر جمعیۃ علماء کاجو پاڑہ) اور حافظ نور الدین خان وغیرہ تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں