رابطۂ مدارسِ اسلامیہ عربیہ مہاراشٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ تدریب المعلمین کیمپ بعنوان "حفظِ قرآن"(برائے معلمین و ذمہ دارانِ مدارس ممبئی، تھانہ، پالگھر)
گزشتہ روز 24/اگست 2025 بروز اتوار کو ایک بابرکت اور مفید پروگرام میں شرکت کا موقع ملا، جس کا عنوان تھا "ایک روزہ تدریب المعلمین کیمپ برائے حفظِ قرآن"۔ یہ تربیتی نشست بالخصوص معلمینِ قرآن اور ذمہ دارانِ مدارس کے لیے منعقد کی گئی تھی، جس میں ممبئی، تھانہ اور پالگھر کے مختلف مدارس کے اساتذہ و ذمہ داران شریک ہوئے، یہ پروگرام نہایت کامیاب، بامقصد اور فکرانگیز ثابت ہوا۔ کیمپ میں معزز علماء کرام بالخصوص حضرت مولانا مفتی محمد محسن صاحب قاسمی زید مجدہٗ (جنرل سیکرٹری رابطۂ مدارسِ اسلامیہ عربیہ مہاراشٹر) اور تجربہ کار استاد حضرت مولانا مفتی محمدعامر صاحب زید مجدہٗ (سابق استاذ شعبۂ حفظ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا) نے قرآنِ مجید کی تعلیم و تدریس کے اصول و آداب، حفظِ قرآن کے جدید و مجرّب طریقے، طلبہ کی ذہنی و اخلاقی تربیت، اور معلمین کی عملی ذمہ داریوں پر نہایت عمدہ اور دل نشین انداز میں روشنی ڈالی، اس کیمپ کی سب سے نمایاں بات یہ تھی کہ صرف نصائح تک بات محدود نہیں رہی بلکہ عملی رہنمائی اور تربیتی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے بڑے انہماک سے اس سے استفادہ کیا اور اس کے ذریعے تدریسی میدان میں اپنی کمزوریوں کو دور کرنے اور نئے عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کا جذبہ پایا، یہ کہنا بجا ہوگا کہ یہ پروگرام معلمین و ذمہ دارانِ مدارس کے لیے ایک قیمتی تحفہ اور آئندہ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا انشاءاللہ۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے منتظمین، مقررین اور تمام شرکاء کی محنتوں کو قبول فرمائے اور قرآن کریم کی خدمت کرنے کی ہم سب کو مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین
آخر میں تمام اساتذۂ کرام سے مل کر بڑی خوشی ہوئی دعاؤں کا سلسلہ فرمایا اورادب واحترام کے ساتھ اپنے محسن و مربی، ہمدردِ مدارس ومساجد حضرت الحاج قاری محمدصادق خان صاحب دامت برکاتہم (صدر رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ ممبئی، تھانہ، مہاراشٹر و مہتمم الجامعۃ العربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ ممبئی) سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی حضرت نے نہایت شفقت ومحبت کے ساتھ دعا فرمائی اللہ تعالیٰ علم وعمل کی دولت سے مالامال فرمائے، اخلاص و تقویٰ سے نوازے، دینی و دنیوی کامیابیوں کا گہوارہ بنائے اور اپنی رضا اور محبوبیت کے بلند مراتب عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
حفظ الرحمٰن عبادالرحٰمن بستوی
استاذ جامعہ سراج العلوم بھیونڈی
ورکن منتظمہ جمعیۃ علماء ضلع تھانہ مہاراشٹر



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں