مختار سید مثالی اسپورٹس ٹیچر ایوارڈ سے سرفراز
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) کھیل کے میدان میں طلبہ کو زندگی سے مقابلہ کے گر سیکھانے والے اساتذہ کی سرگرم عمل تنظیم " مہاراشٹر اسٹیٹ اسپورٹس ٹیچرس مہاسنگھ، شاخ جلگاؤں۔ جہاں اساتذہ کے حقوق و مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہتی ہے۔ وہیں یہ تنظیم اسپورٹس ٹیچرس کے لئے ہر سال ایوارڈز بھی تفویض کرتی ہے۔ تاکہ اساتذہ کے کئے گئے کاموں کو سراہا جائے نیز ان میں اپنے طلبہ کے لئے بہترین محنت کا جذبہ موجزن رہے۔
حال ہی میں تنظیم کی جانب سے سال 2024-25 کے لئے بیسٹ اسپورٹس ٹیچر ایوارڈ کا اعلان کیا گیا۔ جس میں پورے جلگاؤں ضلع کے 19 اساتذہ شامل ہیں۔ ان میں ایک اردو میڈیم کی اسکول ملّت ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج مہرون،جلگاؤں کے سوپروائزر نیز اسپورٹس انچارج مختار احمد سید مشتاق بھی شامل ہیں۔مختار سید 1998 سے ملت ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج مہرون،جلگاؤں میں بہ حیثیت اسپورٹس تیچر کے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی رہنمائی میں سینکڑوں طلبہ نے مقامی سطح سے لے کر قومی سطح تک اپنا، اپنے والدین و اساتذہ ، اسکول اور شہر کا نام روشن کیا۔ کچھ طلبہ کو ان مقابلوں میں شرکت کے سرٹیفکیٹس کی بدولت مختلف میدانوں میں ملازمت حاصل کرنے میں آسانی بھی ہوئی ہے۔
مختار سید اپنی سادہ لوئی، انکساری اور محنت کے لئے خاص طور پر جانے جاتے ہیں۔ان کو ملے اس اعزاز پر اسکول انتظامیہ کے صدر و اراکین، صدر مدرس، جملہ اسٹاف کے ساتھ ساتھ موجودہ و سابق طلبہ نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کو مبارکباد اور دعائیں دی ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں