جمعیۃعلماءهند اپنی دینی، ملی، معاشرتی اور سماجی خدمات کے ایک سو پانچ سال کامیابی سے پورا کر چکی ہے : مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی 1؍جولائی: مسلمانوں کی نمائنده تنظیم جمعیۃ علماء نے نہایت پر آشوب حالات میں جرأت و استقلال کے ساتھ ایک صدی سے زائد کا عرصہ پورا کر لیا ہے، ملک کی آزادی کے بعد 75 سال سے یہ تنظیم ملی مسائل اور مشکلات کو حل کرنے، حکومتوں کو ان سے آگاه کرنے اور قانون کا سہارا لیکر شہری حقوق کی بازیابی میں پابندی کے ساتھ سرگرم عمل ہے -
یہ ایک مسلمہ تاریخی صداقت ہے کہ جمعیۃعلماء ہند نے ملت کو اپنے تشخص کے ساتھ ملک میں باوقار زندگی گزارنے کا حوصلہ دیا ہے۔
کسی بھی تنظیم یا جماعت کا وجود و استحکام اس کی ذیلی یونٹوں کے استحکام اور پائیداری پر منحصر ہوتا ہے، جمعیۃ علماء کے دستور اساسی کے مطابق جمعیۃ کو نیچے سے اوپر تک سرگرم عمل رکھنے اور نئے افراد کو تنظیم سے جوڑنے کے لئے ٹرم وائز ممبر سازی کی جاتی ہے اور ہر سطح پر نظام تشکیل دیا جاتا ہے، جس کا سلسلہ ان دنوں جاری ہے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نےجمعیۃعلماء ہند کی ابتدائی ممبر سازی کی طرف عامۃ المسلمین کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے زیادہ سے زیادہ ممبر بنائے جائیں، ہر بالغ مرد اور عورت کو ممبر بننے کا استحقاق حاصل ہے۔
مولانا موصوف نے زور دیکر کہا کہ ممبر سازی کی اس تحریک کے ذریعہ سے پورے ماحول میں بیداری کی ایک ہلچل پیدا کی جائے اور یہ کوشش ہو کہ ریاست مہاراشٹر کے ایک ایک شہر اور دیہات میں ملت کے ہر فرد تک جمعیۃ علماء کا پیغام پہونچ جائے۔
مولانا حلیم الله قاسمی نے یہ بھی بتایا کہ جمعیۃعلماء ہند کی مجلس عاملہ نے ممبر سازی کی آخری تاریخ16؍مئی مقرر کی تھی ،لیکن پھر اس میں3؍ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے ،اب ابتدائی ممبر سازی کی آخری تاریخ 15؍اگست 2024 کر دی گئی ہے ۔
صوبائی جنرل سیکریٹری نے ریاست کی تمام ذیلی یونٹوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وقت مقررہ کے اندر جماعت کا ممبر بنائیں۔اور جماعت کی افرادی قوت میں اضافہ کرکے تنظیم کو استحکام بخشیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں