مالیگاؤں 2008بم دھماکہ معاملہ: سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر عدالت سے غیر حاضر
خصوصی جج نے برہمی کا اظہار کیا، این آئی اے کو سادھوی کی صحت کیفیت رپورٹ پیش کرنے کا حکم
ممبئی 3/ اپریل: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو آج عدالت میں حاضرہونا تھا لیکن وہ آج بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی جس کے بعد حسب سابق اس کے وکلاء نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں داخل کرکے اس کے شدید بیمار ہونے کی اطلاع عدالت کو دی جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ کئی سماعتوں سے ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں شدید رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔
خصوصی این آئی اے عدالت جج اے کے لاہوٹی نے تفتیشی ایجنسی این آئی اے کو حکم دیا کہ وہ ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرکے اس کی رپورٹ عدالت میں
پیش کرے۔
عیاں رہے گذشتہ کئی ماہ سے خصوصی این آئی اے عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313/ کے تحت ملزمین کے بیانات کا اندراج کررہی ہے،ملزمین کے بیانات اندراج کرنے کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، چند ہی گواہان کے بیانات باقی ہے جن کی بنیاد پرملزمین سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
گذشتہ سماعت پر عدالت نے ملزمہ کو وارننگ دی تھی کہ اگر وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تو اس کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے لیکن آج عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کی بجائے اس کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرنے کا این آئی اے کو حکم دیا کیونکہ عدالت میں داخل کی گئی میڈیکل رپورٹ اوریجنل نہیں ہے بلکہ اس کی زیراکس کاپی عدالت میں پیش کی گئی۔
ملزمین کے بیانات کے اندراج کے لیئے عدالت نے اپریل ماہ میں دس دن متعین کیا ہے اور تمام ملزمین اور ان کے وکلاء کو ایڈوانس میں تاریخ بتا دی گئی ہے تاکہ ملزمین عدالت میں حاضر ہوسکیں، سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور سوامی سدھاکر دویدی لگاتار عدالت سے حاضر رہے ہیں جس کی وجہ سے عدالت نے ماضی میں ان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔
آج عدالت میں دوران سماعت این آئی اے کی جانب سے ایڈوکیٹ اویناس رسال،بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم(جمعیۃ علماء مہاراشٹر)و دیگر موجود تھے۔
واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔323سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج کے بعد عدالت نے ملزمین کے 313 کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں