40 سالہ ٹینکر ڈرائیور کا وحشیانہ قتل ، مقتول نے مرنے سے قبل خونی واردات کو کیا موبائل کیمرے میں قید ۔
پالگھر: مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں ممبئی-احمد آباد ہائی وے پر ایک 40 سالہ ٹینکر ڈرائیور کو چار افراد نے مبینہ طور پر لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹینکر ڈرائیور رام کشور بدری پرساد کشواہا نے یکم اکتوبر کو ملزم کی پٹائی اور اس کی گاڑی کو نقصان پہنچانے کا واقعہ اپنے موبائل کیمرے سے ریکارڈ کیا تھا اور یہ ویڈیو اپنے رشتہ دار کو بھیجی تھی جس کی مدد سے پولیس کو ملزمین کی تلاشی میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ملزمان کو دو دن کے بعد گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو صرف 18 سیکنڈ کی ہے تاہم جان لیوا حملے کے ملزمان ٹینکر ڈرائیور کی اس ویڈیو سے پکڑے گئے۔
نائیگاؤں تھانے کے ان افسران نے بتایا کہ پالگھر کے نالاسوپارہ کا رہنے والا کشواہا ٹینکر میں گیس لے کر گجرات جا رہا تھا۔ جب گاڑی ضلع کے ملجی پاڑہ پہنچی تو ہائی وے پر ایک کار سے ٹکرا گئی۔ اس سے ناراض ہو کر کار میں سوار افراد نے ٹینکر روک دیا۔ ملزمان نے ٹینکر ڈرائیور کو لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے مارنا شروع کردیا اور پتھراؤ کرکے ٹینکر کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ کشواہا نے ان سے کہا کہ ان کی گاڑی کو جو بھی نقصان پہنچا ہے وہ اس کی اس کی بھرپائی کریں گے لیکن ملزمان نے ان کی ایک نہ سنی اور اسے بے رحمی سے پیٹتے رہے۔ کشواہا نے اس پوری واردات کو اپنے موبائل کیمرے سے ریکارڈ کرلیا اور ویڈیو اپنے بھتیجے کو بھیج دی۔ ملزمین نے بتایا کہ ملزم کشواہا کو ٹینکر میں مرنے کے لیے چھوڑ کر وہ موقع سے فرار ہو گئے۔
افسر نے بتایا کہ بعد میں کشواہا کا بھتیجا موقع پر پہنچا اور اسے اسپتال لے گیا۔ جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھتیجے نے پولیس کو ویڈیو دکھائی، جس میں ملزمان کی گاڑی کا نمبر واضح طور پر نظر آرہا تھا، جس کی مدد سے پولیس نے انہیں ٹریس کیا۔ کشواہا کے بھتیجے کی شکایت کی بنیاد پر، چاروں ملزمان کو منگل کی صبح نالاسوپارہ سے گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304 (غیر ارادتاً قتل)، 427 (پچاس روپے یا اس سے زیادہ کا نقصان پہنچانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ دفعہ 34 (مشترکہ نیت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک اور افسر نے کہا کہ پولیس اس کیس میں دفعہ 302 (قتل) بھی شامل کرے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں