مالیگاؤں 2008بم دھماکہ معاملہ: آج پھر سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر عدالت میں تاخیر سے پہنچی، عدالت میں سیکیوریٹی سخت
ممبئی 4/ اکتوبر: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں آج لگاتار دوسرے دن خصوصی این آئی اے عدالت نے ملزمین کے بیانات درج کیئے، آج عدالتی کارروائی کا آغاز تاخیر سے ہوا کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اور اس مقدمہ کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرعدالت تاخیر سے پہنچی اور اس نے تاخیرسے پہنچے کی وجہ طبیعت اور ممبئی کی ٹرافک کو بتایا۔سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے عدالت تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے گیارہ کی بجائے ایک بجے عدالتی کارروائی کا آغاز ہوا۔ آج پھر سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اس کے وکیل جے پی مشراء نے عدالت سے گذارش کی کہ عدالت اسے زخمیوں کی تفصیلات بتانے کی بجائے اس سے مختصر سوالات پوچھے۔
خصوصی این آئی اے جج اے کے لاہوٹی نے آج ملزمین سے بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرسعید فارانی (فاران اسپتال) کی گواہی کی بنیاد پر سوالات پوچھے جس کا جواب ملزمین یہ کہتے ہوئے دیا کہ انہیں کچھ پتہ نہیں یا انہیں کچھ نہیں کہنا ہے یا غلط ہے۔خصوصی جج نے ملزمین کو انگریزی، ہندی اور مراٹھی میں سوالات سمجھائے اور ان سے جواب طلب کیا۔ گذشتہ کل خصوصی این آئی اے عدالت نے ملزمین سے ساٹھ سوالات پوچھے تھے، آج عدالت نے ملزمین سے تقریباً ایک سو دس سوالات پوچھے۔
آج عدالتی کارروائی کے آغاز سے قبل خصوصی جج نے عدالت میں موجود تمام وکلاء، ملزمین اور دیگر لوگوں کو مطلع کیا کہ سیکوریٹی کے نقطہ نظر سے آج سے کمرہ عدالت میں داخل ہونے والے ہر شخص کی ہینڈ میٹل ڈٹیکٹر سے چیکنگ کی جائے گی اور چیکنگ مکمل ہونے کے بعد ہی عدالت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی لہذا تمام لوگ پولس عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔
اس دوران عدالت میں خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال،جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی جانب سے بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ اعجاز شیخ و دیگر موجود تھے۔
واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔323سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج کے بعد عدالت نے ملزمین کے 313 کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں