مراٹھواڑہ سمیت ودربھ میں شدید بارش کا الرٹ، آئی ایم ڈی نے جاری کی وارننگ ۔
ممبئی: اگرچہ مانسون نے مہاراشٹر سے واپسی شروع کر دی ہے، لیکن ریاست میں بارش اب بھی جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ بارشوں نے خریف کی فصلوں کو زندگی بخشی ہے اور کسانوں کے لیے یہ اچھی خبر ہے۔ ساتھ ہی ڈیموں میں پانی کے ذخیرہ میں بھی معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں موسلادھار بارش کی قیاس آرائی کی گئی ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش ہوگی اور ممبئی، پونے، تھانے میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی مراٹھواڑہ میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ خلیج بنگال اور بحیرۂ عرب پر کم دباؤ کا علاقہ بننے کی وجہ سے ریاست میں بارش کے لیے سازگار ماحول ہے۔ اس سے کئی اضلاع میں واپسی کی بارش ہوگی۔
مانسون کی واپسی کا سفر دہلی، راجستھان، پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ سے شروع ہو گیا ہے۔ مدھیہ پردیش، گجرات، آندھرا پردیش جیسی ریاستوں کے مختلف حصوں میں بھی مانسون شروع ہو گیا ہے۔ اسی طرح اکتوبر کے آخر سے ریاست میں مانسون کی واپسی بھی شروع ہو جائے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں