جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کا فساد زدہ سلیمبا کا دورہ
61؍مسلم گرفتار شدگان کی رہائی کے لئے قانونی لائحہ عمل ،متاثرین میں نقدی ریلیف کی تقسیم
دھولیہ ؍مہاراشٹر 29؍اکتوبر : نرمدا ضلع کے سیلمبا میں ہندو تنظیم کی جانب سے نکالے گئے جلوس کو مسجد کے سامنے گانے بجانے ،اور مسلم مخالف نعرے بازی سے ابتداء میں جھڑپ ہوئی اور پل بھر میں فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کرگیا ۔اسی دوران مسلمانوں کی بیسوں دکان اور متعدد مکان میں توڑ پھوڑ،پتھراؤ اور آگ زنی کی گئی ،جس سے لاکھوں کی مالیت کا نقصان ہوا ۔
موقع پر تعینات پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا ،اور حکم امتناعی نافذ کردیا گیا ۔اس کے بعدفسادبرپا کرنے کے الزام میں یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے 61؍مسلمانوں کو گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔
اس واقعہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃ علما( ارشد مدنی) دھولیہ کے ذمہ داروں نے مقامی لوگوں سے رابطہ قائم کرکے ان کی ممکن رہنمائی کی ۔اور حالات معمول پر آنے کے بعدجمعیۃعلماء دھولیہ، نندوربار اور اکل کوا کے مشترکہ وفد نے فساد سے متاثر سیلمبا کا دورہ کیا اور فساد متاثرین میں نقدڈھائی لاکھ روپئے ریلیف تقسیم کی اور فسادمیںلٹے پٹے اور ٹوٹے پھوٹے دکانوں و مکانوں کاجائزہ لے کر اس کی رپورٹ تیار کی۔ وفد کی سروے رپورٹ کے مطابق اس فساد میںمسلمانوں کی کم وبیش 19؍دکانوں میں توڑ پھوڑ ،لوٹ پاٹ اور آگ زنی کی گئی ،جس سے لاکھوں کی مالیت کا نقصان ہوا۔نیز چندمکانوں پر پتھر بازی کی وجہ سے جزوی نقصان ہوا۔
وفد نے فساد کے الزام میں گرفتار کئے گئے مسلمانوں کے لواحقین و اہل خانہ سے بھی ملاقات کی ،اور ضرورت مند وں کی فوری نقد ی امداد کی ،گرفتار شدگان کی رہائی کے لئے کی جانے والی قانونی چارہ جوئی کا جائزہ لیا۔اور کامیاب قانونی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ 29؍ ستمبر کو سیلمبا میں بجرنگ دل کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی تھی ،اور اس ریلی کو مسجد کے پاس روک کر مسلمانوں کے خلاف نازیبا نعرے بازی کی گئی، مقامی مسلمانوںکے منع کرنے کے باوجود شرکاء جلو س نہیں مانےاورمسلمانوں سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے پتھر بازی بھی شروع کردی نیز مسلمانوں کی19؍ دوکانوں میں لوٹ پاٹ مچاتے ہوئے آگ زنی بھی کی۔جس میں لاکھوں کا مالی نقصان ہوا۔
اس وفد میںدھولیہ سےمولانا شکیل احمد قاسمی ، حاجی مشتاق صوفی ، حاجی اصغر (اگا پہلوان) نندوربار سےحافظ اخلاق احمد اشاعتی ، راجو انعامدار ،حافظ عبد العظیم اشاعتی اکل کوا سے حافظ صدیق، حافظ جمیل، حافظ ھارون، سفیان (نگر سیوک) انصار، راجو کے علاوہ دیگر شامل تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں