جمعیۃ علماء ضلع جالنہ کی سیرتِ پاک مہم کے ذریعہ ضلع کے عصری تعلیم گاہوں میں حضور صلعم کے پاک تذکرہ کا عام ماحول
مولانا ابوالکلام آزاد پرائمری اسکول جالنہ میں بچوں نے سیرت النبی پر خوبصورت تقریری مظاہرہ کیا۔
جالنہ: جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کی سیرتِ پاک مہم جو پچھلے بیس دنوں سے کامیابی سے چل رہی ہے اس کابنیادی فائدہ یہ ہوا کہ الحمدللہ پورے ضلع کی عصری درسگاہوں میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاک تذکرے خوب ہورہے ہیں ،طلباء وطالبات جوش و خروش سے اس کے ضمن میں حضور اکرم صلعم کی سیرتِ طیبہ مختلف گوشوں پر تیاری کرکے بہترین تقاریر، نعتیں اور احادیث رسول پیش کررہے ہیں اور یہی جمعیۃ علماء کا مقصد تھا کہ ہمارے بچے ذہنی، فکری اور عملی اعتبار سے اپنے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے قریب و مانوس ہوجائیں۔
"آنکھ کے اِک اشارے سے تونے معاً بدل دئیے
ذہن کے سب تصورات، قلب کے سب تاثرات"
گزشتہ کل مولانا ابوالکلام آزاد پرائمری اسکول منگل بازار جالنہ میں سیرت النبی صلعم کا مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی نائب صدر جمعیۃ علماء ارشد مدنی مرہٹواڑہ کی صدارت میں جلسہ منعقد ہوا، اس پروگرام میں اس اسکول کے بچوں نے قابل تعریف سیرت کے مختلف عناوین کاانتخاب کرتے ہوئے تقاریر و نعتیں اور مکالمے پیش کئے جنہیں سب حاضرین نے بے حد پسند کیا اور انہیں خوب داد دیں۔
مولانا عبد العلیم اشاعتی نائب صدر جمعیۃعلماء ارشد مدنی ضلع نے بچوں سے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات بیان کیے اور بچوں کے اپنے نبی محمد صلعم کے متعلق کیا عقیدت و محبت ہوناچاہیے اس کو جامع انداز میں بیان کیا۔
مولانا عیسیٰ خان کاشفی صدر جمعیۃعلماء شہر جالنہ نے مولانا ابوالکلام آزاد پرائمری اسکول جالنہ کے معلمین و معلمات خصوصاً صدرمعلمہ اسماء باجی کو مبارکباد پیش کی کہ آپ حضرات نے اپنے اسکول میں عصری مضامین کے ساتھ بچوں کو دین اسلام سے لاتعلق نہیں رکھا بلکہ اس کا خصوصی اہتمام رکھا کہ یہ اسٹوڈنٹس اپنے دین و شریعت کے سچے عاشق و ان کے متبعین بنے رہیں،اس کے لئے آپ حضرات شکریہ کے مستحق ہیں۔
الحاج محمد افتخار الدین نائب صدر جمعیۃ علماء نے اسکول کے بچوں میں تعلیمی و تربیتی اعتبار سے جو کمزوریاں پائی جاتی ہیں ان کی جانب توجہ دلائی اور فرمایا کہ آج اسٹوڈنٹس میں خصوصاً لڑکوں میں تعلیم کے بارے میں غفلت اور لاپرواہی ہے ان کی جانب نہایت توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ دنیا میں آج سارے انسان حیران و سرگرداں ہیں وہ بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں ہر طرف مفاد پرستی کا ماحول ہے خلوص و محبت کے فضا کی کمی ہے۔ اسی خلوص کا فقدان ہے، جس سے پوری دنیا حیران وپریشان اور مایوسی کی شکارہے۔ دنیا کی یہ ترقی، ٹکنالوجی کی بلندی، آرام وآسائش کے سامان اس جذبہ کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ اس کو سکون نہیں پہنچاسکتے، اور اسی کمی کی وجہ سے انسانیت دم توڑرہی ہے اور یہی انسانیت کا زول کا سب سے بڑا سبب ہے اور جو کچھ ہورہاہے یہ اسی کا رد عمل ہے۔
ایسے حالات میں مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ" ایسے حالات اور خطرناک صورت حال میں بس ایک ہی چیز ہے جو انسانوں کو حقیقی انسانیت سے روشناس کرسکتی ہے۔ انسانوں کو انسان ہونے کا احساس دلا سکتی ہے۔ بھٹکے ہوؤں کو راہ نجات، ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کا آلہ، سسکتی بلکتی انسانیت کی غمخواری وغمگساری، بے چین روحوں کو تسکین کا سامان فراہم کرسکتی ہے وہ ہے اسلام، قرآن اور نبی اکرمؐ کی سیرت اور آپ کی تعلیمات ہیں۔
اس سے پہلے حافظ قاری محمد معاذ نے اپنی شاندار آواز میں نعت رسول پیش کی، پروگرام میں اس اسکول کے طلباء وطالبات اور اساتذہ و معلمات بڑی تعداد میں شرکت کی، پروگرام کو کامیاب بنانے میں صدر معلمہ اسماء باجی، صابر سر، اختر سر،اظہر فاضل محترمہ ثمینہ باجی و دیگر اساتذہ نے خوب محنت کی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں