بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
وفاق المدارس والمکاتب کا قیام خوش آئند اور قابل تقلید عمل ہے
ازقلم حافظ عقیل احمد ملی قاسمی
اللہ تعالیٰ نے دنیائے انسانیت کے قیام کے روز اول سے انسانیت پر یہ احسان فرمایا ہے کہ انبیاء علیھم الصلوٰۃ والسلام کے ذریعے اپنا پیغام انسانوں تک پہنچانے کا انتظام فرمایا اسی سلسلے کی آخری کڑی کے طور پر ہمارے اور آپ کے آقا محمد الرسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور آپ نے جمیع انسانیت کا خیال کرتے ہوۓ جن تعلیمات کو دنیا کے سامنے پیش فرمایا ہے اس کی مثال قیامت کی صبح تک کوئی دوسرا اس دنیا میں پیش نہیں کرسکتا ہے۔
ان ہی تعلیمات کو اپنی حقیقی شکل وصورت میں باقی رکھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی جو بے مثال خدمات مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ انجام دیے رہے ہیں اس کا صحیح معنوں میں ہمیں اندازہ نہیں ہے اس کی واضح دلیل یہ ہیکہ ہم مسلمانان عالم مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کو اس قدر ومنزلت اور اہمیت کی نظر سے آج بھی نہیں دیکھتے ہیں جس کے وہ حقدار ہیں البتہ باطل اس کی افادیت سے ایک لمحے کے لئے بھی غافل نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی شرارتوں کا سلسلہ مستقل دراز ہے یہی وجہ ہے کہ ہر طلوع ہونے والا آفتاب غروب ہونے والے آفتاب کے مقابلے میں مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کے حق میں سخت ترین ثابت ہورہاہے۔ اس کی اظہر من الشمس مثال گذشتہ دنوں ہمارے اپنے ملک ہندوستان کی بعض ریاستوں میں بڑی تعداد میں مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کو معمولی اعذار کو بنیاد بناکر یا اکثر مقامات پر بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں بند کردیا گیا۔
ایسے حالات میں مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کے وجود کو باقی رکھنے کےلئے سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ اتحاد واتفاق اور یکجہتی ہے لہٰذا وقت کے تقاضوں کے عین مطابق شہر مالیگاؤں کے بالغ نظر علمائے کرام نے وفاق المدارس والمکاتب قائم فرمایا اور اس کے وسیع وعریض منصوبے اور مقاصد متعین فرمائے اور بلا خوف لومۃ لائم اپنے کاموں کا آغاز کردیا فجزاھم اللہ عنا خیر الجزاء۔
آنے والے دنوں میں جہاں وفاق المدارس والمکاتب کے پلیٹ فارم سے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کے نصاب تعلیم نظام تربیت کو مضبوط کیا جائے گا وہیں معلمین ومعلمات کا تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کیا جائے گا انشاءاللہ اور ان سب سے آگے بڑھ کر حالات حاضرہ کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کے ذمہ داران کا بھی ورکشاپ منعقد کیا جائے گا جس میں قانونی معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مدارس اور مکاتب کو مکمل قانونی بنانے کی گذارش بھی کی جائے گی انشاءاللہ۔
الحمدللہ شہر مالیگاؤں کے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ بڑی حد تک اس وفاق میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں البتہ جو مکاتب قرآنیہ اب تک اس سے وابستہ نہیں ہوئے ہیں ان کے ذمہ داران سے انتہائی مؤدبانہ درخواست کی جاتی ہے کہ اس وفاق میں شمولیت اختیار کرکےوفاق کو مزید تقویت بخشیں اتحاد واتفاق کا مظاہرہ فرمائیں اور آنے والے حالات کا یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کریں وما توفیقی الا باللہ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں