سیرت النبیﷺ کا پیغام دراصل قرآنی پیغام ہے: محمد ضیاء العظیم قاسمی۔
ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے مدرسہ ضیاء العلوم میں سیرت النبی پروگرام کا انعقاد
پھلواری شریف پٹنہ مورخہ 29/ستمبر 2023 (پریس ریلیز:محمد ضیاء العظیم ) مدرسہ ضیاء العلوم پھلواری شریف پٹنہ میں ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک خوبصورت پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں مدرسہ کے طلبہ وطالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پوری دلچسپی کے ساتھ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے حالات پر بڑے خوبصورت اور دلچسپ انداز میں اپنا اظہار خیال پیش کیا،
پروگرام کا آغاز محمد ضیاء العظیم کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، قاری ابوالحسن اور عفان ضیاء نے نعت پاک پیش کیا۔
جن طلبہ و طالبات نے سیرت النبی پر تقاریر پیش کیں ان میں میراب راشد، عبد الرافع، عبدالنافع، مکرم شاہد، محمد شاہد، حذیفہ بن عرشی، علقمہ بن عرشی،تمیم شمس ،حمزہ اخلاق، نائرہ اخلاق، کا نام مذکور ہے،
آخر میں محمد ضیاء العظیم ڈائریکٹر مدرسہ ضیاء العلوم نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت،اور تاریخی ماہ ہے جس میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت ہوئی، اور اسی ماہ میں آپ وصال فرمائے، یقیناً آپ امام الانبیاء ہیں، اور سیدنا ابو البشر آدم علیہ السلام سے لے کر عیسی علیہ السلام تک دراصل آپ علیہ السلام کی آمد کے لئے ایک ماحول بنایا گیا تھا کہ آخر میں سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائیں گے اور ان کے آفاقی پیغامات دراصل حتمی پیغامات ہوں گے،اور یہی وہ پیغامات ہیں جن پر چل کر دنیا وآخرت کی کامیابیاں پنہاں ہیں، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام در اصل قرآنی پیغام ہے، قرآنی تفسیر ہے، قرآنی احکام ہے، کیوں کہ رب کائنات نے واضح طور پر ارشاد فرمایا کہ :
قُلۡ اِنۡ كُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُوۡنِىۡ يُحۡبِبۡكُمُ اللّٰهُ وَيَغۡفِرۡ لَـكُمۡ ذُنُوۡبَكُمۡؕ وَاللّٰهُ غَفُوۡرٌ رَّحِيۡمٌ
ترجمہ:
آپ کہیے اگر تم اللہ سے محبت کے دعویدار ہو تو میری پیروی کرو ‘ اللہ تمہیں اپنا محبوب بنا لے گا اور تمہارے گناہوں کو بخش دے گا اور اللہ بہت بخشنے والا نہایت رحم فرمانے والا ہے۔
ایک موقع پر ارشاد فرمایا،،، " وَ مَا یَنۡطِقُ عَنِ الۡہَوٰی ؕ﴿۳﴾ اِنۡ ہُوَ اِلَّا وَحۡیٌ یُّوۡحٰی ۙ﴿۴﴾ سورہ النجم
ترجمہ ُ: " وہ اپنی خواہش سے نہیں بولتے ، یہ تو ایک وحی ہے جو اس پر نازل کی جاتی ہے"
اس موقع پر ضیائے حق فاؤنڈیشن کی چئیر پرسن،ماہر اقبالیات ڈاکٹر صالحہ صدیقی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو سمستی پور کالج نے تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے اچھے مستقبل کے لئے دعائیں دیں، فاؤنڈیشن کے برانچ اونر پٹنہ وڈائریکٹر مدرسہ ضیاء العلوم نے دعا کے ساتھ اس پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا ۔
واضح رہے کہ ضیائے حق فاؤنڈیشن کی بنیاد انسانی فلاح وترقی، سماجی خدمات، غرباء وفقراء اور ضرورتمندوں کی امداد، طبی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں کا قیام، اردو ہندی زبان وادب کی ترویج وترقی، نئے پرانے شعراء وادباء کو پلیٹ فارم مہیا کرانا وغیرہ ہیں، فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ بہار کے دارالسلطنت شہر پٹنہ کے پھلواری شریف میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کا برانچ اور ایک مدرسہ کاقیام ،، مدرسہ ضیاء العلوم،،عمل میں آیا ہے، جہاں کثیر تعداد میں طلبہ وطالبات دینی علوم کے ساتھ ساتھ ابتدائی عصری علوم حاصل کر رہے ہیں ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں