src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> ملک کی موجودہ نازک صورتِ حال میں مسلمان صبر و ضبط کے ساتھ زندگی گزاریں - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

جمعہ، 29 ستمبر، 2023

ملک کی موجودہ نازک صورتِ حال میں مسلمان صبر و ضبط کے ساتھ زندگی گزاریں











ملک کی موجودہ نازک صورتِ حال میں مسلمان صبر و ضبط کے ساتھ زندگی گزاریں



 جمعیۃ علماء( ارشد مدنی) دھولیہ کے جلسہ سیرت النبی ﷺ میں مفسرِ قرآن، حضرت مولانا مختار احمد سعید مدنی صاحب کا خطاب



















 دھولیہ : 29؍ستمبر , جمعیۃ علماء دھولیہ کے زیرِ اہتمام سالہاے گزشتہ کی طرح امسال بھی ربیع الاول کے موقع پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے ایک عظیم الشان اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ مولانا شعیب حنیف قاسمی کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ بعدہ مولوی محمد خالد صاحب نے اپنی پُرسوز و مترنم آواز میں نعت شریف پیش کرکے خوب صورت سماں باندھ دیا ۔


مقررِ خصوصی کی حیثیت سے شہر دھولیہ ہی نہیں بل کہ صوبۂ مہاراشٹر کے موقر عالمِ دین، مفسر قرآن، واعظِ شیریں بیان، فصیح اللسان حضرت مولانا مختار سعید مدنی صاحب دامت برکاتہم نے شرکت فرمائی ۔ مولانا موصوف نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و اصلاح معاشرہ پر سیر حاصل خطاب فرمایا ۔



اپنے خطاب میں مولانا نے حدیث مبارکہ کی روشنی میں فرمایا کہ ہمارے والدین، ہماری اولاد بل کہ ہماری اپنی ذات سے بھی زیادہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم محبت ہونی چاہیے ۔ اگر اس معیار کی محبت ہمیں حاصل ہے تو ہمارا ایمان کامل ہے ۔ دوسری حدیث مبارکہ کی روشنی میں فرمایا کہ ہماری تمام خواہشات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لاے ہوے دین کے مطابق ہونی چاہئیں ۔
نشہ آور چیزوں کے استعمال کرنے سے متعلق مولانا نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث مبارکہ کہ ہر نشہ آور چیز حرام ہے،
بیان فرماکر نشے کی لت میں ملوث نوجوانوں کو اس سے بچنے کی اور زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خواہشات کو ترجیح نہ دیتے ہوے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق عمل کرنے کی نصیحت فرمائی ۔



مسلم معاشرے میں پائی جانے والی بے راہ روی پر مولانا نے دو ٹوک انداز میں انداز میں بیان فرمایا کہ ہماری اس طرح بے راہ روی سے ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا دعویٰ کس طرح کررہے ہیں بل کہ مولانا نے کہا کہ زندگی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے اور آپ کے فرمان کے مطابق گزارنا ہی اصل آپ سے محبت ہے اور یہی ہماری کامیابی کی ضامن ہے ۔ مولانا نے محبت رسول کے ساتھ اطاعتِ رسول پر خوب زور دیا ۔



صحابہ کرام کی آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی اور ان کی وسعتِ ظرفی کے واقعات بیان فرماکر مولانا نے یہ پیغام دیا کہ نظریاتی اختلاف میں بھی دلوں کے اندر کوئی رنجش نہیں آنی چاہیے بل کہ جس طرح مسائل میں اختلاف کے باوجود صحابہ آپس میں ہمیشہ ایک دوسرے کے بہی خواہ تھے اسی طرح ہمیں بھی آپسی اختلافات کو بالاے طاق رکھتے ہوے ایک امت بن کر زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔
ملک کی موجودہ نازک صورتِ حال میں ہمارا آپسی اختلاف بہت بڑے نقصان اور خسارے کا باعث بن رہا ہے اور اللہ کی رحمت کو ہم سے دور کررہا ہے ۔ نیز مولانا نے موجودہ صورتِ حال میں مسلمانوں کو جذبات سے بچ کر صبر و ضبط کے ساتھ زندگی گزارنے کی اپنے مخصوص ناصحانہ انداز میں اپیل کی ۔



جلسے کی صدارت جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ کے صدر حضرت حافظ حفظ الرحمن صاحب نے قبول فرمائی ۔ مولانا شکیل احمد قاسمی ، مولانا عابد قاسمی، مفتی شفیق قاسمی، مولانا مبین ملی کے علاوہ جمعیۃ کے دیگر ارکان و معزز شخصیات رونقِ اسٹیج رہیں ۔ عوام الناس کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اخیر تک ہمہ تن گوش رہا ۔



جلسے کی کامیابی کے لیے حاجی شوال امین ، الحاج مشتاق صوفی ، محمد عارف عرش، محمد یوسف پاپاسر، اعجاز رفیق، عبدالمحیط، مسعود احمد اور دیگر خادمینِ جمعیۃ نے انتھک کوشش و محنت کی ۔ مولانا کی رقت آمیز دعا پر جلسے کا اختتام ہوا ۔

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages