محسن انسانیت ﷺ کی شانِ رحمت تمام عالمین، تمام جہانوں اور ہر عہد کو محیط ہے : مولانا سہیل ندوی
جمعیۃ علماء و اقرأء اردو اسکول کے جلسہ سیرت النبی میں طلباء و طالبات نے بہترین تعلیمی مظاہرہ کیا
جالنہ: محسنِ انسانیت، حضرت محمدﷺ کی نبوت و رسالت کا امتیاز یہ ہے کہ خالق حقیقی نے آپ ﷺکو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر مبعوث فرمایا ارشادِ ربانی ہے: اور ہم نے (اے رسولؐ) آپ کو تمام جہانوں کے لیے (سراپا) رحمت بناکر ہی بھیجا ہے۔قرآن کریم کی یہ آیتِ مبارکہ قرآنِ ناطق رحمۃ للّعالمین ﷺ کی شانِ رحمت، آپﷺ کے عادات خصائل اور اخلاق کریمانہ کا جلی عنوان ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اللہ عزوجل کے تمام انبیاء ومرسلین ’’رحمت‘‘ تھے، مگر ’’رحمۃ للّعالمین‘‘ نہیں تھے۔ ان کی شانِ رحمت اپنی قوم، اپنے علاقے، اپنے دور اور اپنے زمانے تک محدود تھی، جب کہ رحمتِ مجسم ، محسنِ عالم حضرت محمد ﷺکی رحمت و شفقت کا دائرہ ہر عہد، ہر زمانے، ہر قوم، اپنے پرائے، جملہ کائنات اور جملہ مخلوقات یہاں تک کہ تمام جہانوں اور دنیا و آخرت کو شامل ہے۔رحمۃ للّعالمین ﷺکی صفتِ رحمت اور آپﷺ کی شانِ رحمت کی تجلّی عام ہے۔ رحمت کے اس خزانے اور امت کے غم خوار کے دربار میں دوست، دشمن، اپنا پرایا، عورت، مرد، بوڑھے بچّے، کافر، مسلم، آقا و غلام، انسان ،حیوان، کائنات اور تمام جہانوں کا ذرّہ ذرّہ ہر ایک صنف ہستی برابر کی حصّے دار ہے۔ آپﷺ کی شانِ رحمت تمام عالمین، تمام جہانوں اور ہر عہد کو محیط ہے۔ ان خیالات کااظہار مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے گذشتہ روز جمعیۃ علماء جالنہ و اقرأ اردو اسکول جالنہ کے مشترکہ اجلاس کے جی این ہال غریب شاہ بازار میں اپنے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا،۔
آپ نے مزید اقرأ اردو اسکول جالنہ کے طلباء وطالبات نے جو بہترین انداز میں سیرت پاک اور دیگر عناوین پر تقاریر اور نظمیں پیش کیں اس کے لئے اسکول کے صدر عبد الوحید اس ادارے کے صدر مدرس مزمل سر اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی، اور کہا کہ یہ اس ادارے کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔
مولانا عیسیٰ خان کاشفی نے سیرت پاک مہم کے ذیل میں جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع کی کاوشوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ ہم تو پندرہ دن میں اس پاک مہم کو سمیٹنا چاہ رہے تھے لیکن عمومی سطح اس کی مقبولیت اور ضلع بھر میں پروگرامس کی کثرت اس کے میعاد میں توسیع و اضافہ کرے گی۔
محمد افتخار الدین نائب صدر جمعیۃعلماء و جنرل سیکرٹری انجمن اشاعت تعلیم جالنہ نے بھی اقرأ اردو اسکول جالنہ کے طلباء وطالبات کے قابل تعریف تعلیمی مظاہرہ پر انہیں مبارکباد پیش کی اور انہیں بہترین نصیحتوں سے نوازا۔
مولانا احسان حسینی ندوی نے سیرت پاک کے مختلف گوشوں پر گفتگو کی،مفتی سید نعمان ندوی نے بچوں سے متعلق حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات اور تربیتی احادیث پیش کی،خوش الحان نعت خواں حافظ محمد معاذ نے یہاں بھی بہترین نعتیہ کلام پیش کیا،نیز الحاج محمد قاسم اعجاز صدیقی سیکرٹری جمعیت علماء شہر جالنہ نے بھی چشتیہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروں کی کامیاب تعلیمی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا اور اس کے بانی و ڈائریکٹر عبد الوحید کی ان کی مسلسل جدوجھد کو اس شعر: "نشیمن پرنشیمن اس قدرتعمیرکرتاجا کہ بجلی
گرتے گرتےآپخودبےزارہوجائے "کے ذریعہ داد دی اور سراہا،محمد مزمل سر ہیڈ ماسٹر اقرأ اردو اسکول و ڈاکٹر عبد المقتدرعتیق لکچرر نے مشترکہ نظامت کے فرائض انجام دیے ۔
اخیر میں نمایاں تعلیمی مظاہرہ کرنے پر طلباء وطالبات کو صدر جلسہ و دیگر مہمانوں کے ہاتھوں انعامات دئیے گئے، جلسہ میں بچوں کے سرپرست کباڑی محلہ کے نوجوان و بزرگ احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
قابل ذکر افراد میں احمد بن سعید چاؤش، ڈاکٹر عبد المقتدرعتیق لکچرر، بابو بھائی سوپر سلائی مشین ایجنسی، حاجی محمد ناصر خان، وغیرہ ہیں،مولانا سہیل ندوی کی دعا پر یہ اجلاس ختم ہوا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں