جمعیۃ علماء ہند قانونی امداد کمیٹی کے مقدمات میں جناب گلزار اعظمی مرحوم کی جگہ مولانا اسجد مدنی ہوں گے مدعی
نئی دہلی (پریس ریلیز)10 /ستمبر 2023جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃعلماء ہند کے نائب صدر مولانا اسجد مدنی کو ان تمام مقدمات میں مدعی بنایا گیا ہے جو جمعیۃ علماء ہند قانونی امداد کمیٹی نچلی عدالتوں سے لیکر سپریم کورٹ تک لڑرہی ہے۔ واضح ہوکہ ان تمام اہم مقدمات میں گلزار اعظمی مرحوم سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی مدعی تھے، ان کے انتقال کے بعد دہشت گردی اور فسادات میں گرفتار کئے گئے افراد کے اہل خانہ تشویش کا شکار ہوگئے تھے کہ ان کے مقدمات کی پیروی اب کون کرے گا اور متاثرین کی بروقت خبرگیری کے لئے کون آگے آئے گا، جمعتہ علماء ہند کی قانونی امداد کمیٹی کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، اس کمیٹی کے ذریعہ ایک جانب جہاں سینکڑوں مسلم نوجوانوں کو دہشت گردی جیسے سنگین الزامات سے بری کرایاگیا وہیں دوسرے نوعیت کے کئی اہم مقدمات بھی وہ پوری طاقت اور دلجمعی سے لڑ رہی ہے، جس کے ذمہ دار اب نائب صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا اسجد مدنی ہوں گے Confirm میں زیر سماعت مقدمات میں پٹیشنر ہونگے۔ اس کے لئے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعہ سپریم کورٹ میں مولانا اسجد مدنی کو ریکارڈ پر لینے کی درخواست داخل کی جاچکی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بابری مسجد معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرتے وقت مولانا اسجد مدنی جمعیۃ علماء ہند اور وکلاء کے درمیان ایک اہم کڑی تھے، عبادت گاہوں کے تحفظ کا قانون 1991، غیر قانونی بلڈوزر کاروائی، لو جہاد قوانین، مآب لنچنگ، مرکز حضرت نظام الدین کرونا معاملہ و دیگر آئینی معاملات میں بھی جمعتہ علماء ہند کی جانب سے مولانا اسجد مدنی پٹیشنر ہونگے، صدر جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر چھ افراد پر مشتمل جمعتہ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی مہاراشٹر میں اپنا کام کرتی رہے گی، جس میں کار گذار صدر حافظ مسعود حسامی،جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن مفتی یوسف قاسمی، لیگل ایڈوائز رایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ انصار تنبولی اور آفس سکریٹری مولانا معراج قاسمی شامل ہیں۔
فضل الرحمن قاسمی
پریس سیکریٹری جمعیۃ علماء ہند
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں