کراڈ کے پوسے ساوڑی گاؤں میں مسجد میں موجود نمازیوں پرشر پسندوں کا جان لیوا حملہ، ایک مسلم شہید
قاتلوں کو یو اے پی اے قانون کے تحت جلد گرفتار کیا جائے، معاملے کی اعلی سطحی جانچ کرائی جائے : مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی ۱۱؍ستمبر مغربی مہاراشٹر میں پچھلے چند ماہ سے فرقہ پرست عناصر آپسی بھائی چارے کو ختم کرنے کے در پے ہیں ،وہ ایک ایک بہانے سے ماحول کو خراب کرتے رہتے ہیں اور کل کراڈ کے پوسے ساوڑی گاؤں میں دیوی دیوتائوں کے بارے میں نازیبا پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ،خبر ملتے ہی اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں نے اس کو مذہبی رنگ دے کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ، جس کی اطلاع گاؤں کے ذمہ داروں نے پولس انتظامیہ کو دی ۔ اسی درمیان چند شرپسندوں نےجامع مسجد میں موجود نمازیوں پر لوہے کے راڈ، لاٹھی اور ڈنڈے سے جان لیوا حملہ کیا، جس سے مسجد میں موجود نمازیوں کو شدید چوٹیں آئی ، اس واقعے میں ایک مسلم شخص زخموں کی تاب نہ لاکر جگہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اور مسجد میں توڑ پھوڑ کرکےکافی نقصان پہونچایا ۔
مرحوم کا جنازہ پوسے ساوڑی گاؤں میں رکھا ہوا ہے، گاؤں کے لوگ بضد ہیں کہ جن لوگوں نے حملہ کیا ہے پہلےحملہ آواروں کو گرفتار کیا جائے ۔اس کے بعد ہی ہم نماز جنازہ اور تدفین کریں گے۔ خبر لکھی جانے تک محکمہ پولس اور بستی کے لوگوں کے درمیان بات چیت چل رہی تھی ۔
دوسری طرف زخمیوں کو ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج و معالجہ چل رہا ہے۔
واقعہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ریاستی نائب صدر الحاج ڈاکٹر عبد المنان شیخ، شہر پونے کے صدر قاری محمد ادریس انصاری اور شہر سانگلی کے صدر حافظ محمد علی ملا سے رابطہ کرکے ان کو جائے وقوع پر پہونچنے اور حالات کو قابو میں کرنے کے لئے لائحہ عمل اختیار کرنے کو کہا ۔
وفد سے موصولہ اطلاع کے مطابق بستی کےحالات ناگفتہ بہ ہیں ،انٹر نیٹ سروس بند ہے ۔جمعیۃ علماء کے ذمہ داروں (ریاستی نائب صدر الحاج ڈاکٹر عبد المنان شیخ ،شہر پونے کے صدر قاری محمد ادریس انصاری اور شہر سانگلی کے صدر حافظ محمد علی ملا )نے وہاں کے لوگوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی،اور انتظامیہ سے رابطہ قائم کرکے حالات کو قابو میں کرنے کی درخواست کی ۔ اور حافظ محمد علی ملا شہر صدر سانگلی نے متاثرہ گائوں پہونچکر لوگوں سے ملاقات کی ،اور وہاں کے حالات کو دیکھا اور اس کی خبر ریاستی دفتر کو بھیجی ۔ریاستی نائب صدر ڈاکٹر عبد المنان شیخ کے مطابق جمعیۃعلماء کا وفد ہاسپٹل کے باہر موجود ہے۔ انہوں انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی متنازع پوسٹوں کی فوری جانچ کرکے خاطیوں پر سخت کاروائی کرے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ میں ملوث قاتلوں کو جلد سے جلد یو اے پی اے قانون کے تحت گرفتا کیا جائے اور پورے معاملے کی اعلی سطحی جانچ کرائی جائے ۔
حلیم اللہ قاسمی نے مسلمانوں سے امن و امان قائم رکھنے اور افواہوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں