پونے میں الحاج گلزار احمد اعظمی کے لئے تعزیتی نشست
(پریس ریلیز)پونے :- آج بروز اتوار مطابق 27/ اگست 2023 صبح 9:30 بجے جمعیۃ علماء ضلع پونے کی جانب سے حافظ محمد کفایت اللہ صدر جمعیۃ علماء ضلع پونے کی صدارت میں گلزار احمد اعظمی ؒ کے لئے بیت الامن کلوڑ بستی میں ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جسکا آغاز مولانا قاری محمد جہانگیر قاسمی کی تلاوت قرآن سے ہوا، حافظ محمد کفایت اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گلزار احمد اعظمی ؒ جنہیں دنیا جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے قانونی امداد کمیٹی کے سیکریٹری کے نام سے جانتی ہے ایک پرعزم شخصیت کے حامل تھے ، مرحوم کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسکا پر ہونا بہت ہی مشکل ہے، آپ کو حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ اور مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی ؒ جیسے بزرگان دین کے ساتھ کام کرنے کی سعادت حاصل رہی، انہوں نے حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء ہند کے مشورے سے مظلوم، بے سہارا، اور بے قصور ملزمین کی رہائی کے لئے مستقل جدو جہد کی، مولانا نظام الدین فخرالدین رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے جمعیۃ علماء ضلع پونے کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ الحاج گلزار احمد اعظمی ؒ بے قصور گرفتار نوجوانوں کی قید سے رہائی کے لئے شب و روز فکر مند رہا کرتے تھے بالآخر خود قید حیات سے آزاد ہوکر اپنے خالق ومالک سے جاملے، مہاراشٹر میں جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ اس مرد مجاہد کے ذکر کے بغیر ادھوری ہوگی، گلزار اعظمی ؒ مومن کبھی بوڑھا نہیں ہوتا کے مصداق تھے، ایڈوکیٹ سمیر شیخ نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع پونے نے کہا کہ گلزار احمد اعظمی ؒ جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ان کے ذریعے کی گئی ملی خدمات کا اللہ تعالیٰ انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے، قاری مبشر احمد جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع پونے نے کہا کہ الحاج گلزار احمد اعظمی ؒ کی جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے کی گئی خدمات بہت ہی بے مثال تھی، آپ کی رحلت بہت ہی بڑا نقصان ہے ، مرحوم ایک نڈر، بے باک اور با ہمت شخصیت کے مالک تھے، اخیر میں مولانا مستقیم احسن اعظمی ؒ صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ، الحاج گلزار احمد اعظمی ؒ اور تمام مرحومین کے لئے ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا، اس تعزیتی نشست میں مولانا تنویر احمد قاسمی، مولانا مجاہد بیتی، مفتی اسعد اللہ خان اشرفی ، مفتی ابوذر ندوی، مولانا جہانگیر قاسمی، شبیر محمود مجاہد، حاجی رئیس احمد، انیس احمدمنیار، محمد کوثر شیخ،محمد سراج انصاری، محمد اذیف شیخ، صادق پہلوان، سمیر عرب کے علاوہ معزز حضرات نے شرکت کی، مولانا تنویر احمد قاسمی کی دعاء پر یہ نشست اختتام کو پہونچی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں