شـبِ بـرات اور اس کے تـقـاضے
از ✍️ حافظ محمّد عمران رضوی
{صدر تاجُ الشریعہ اکیڈمی، مالیگاؤں}
اسلامیانِ عالم کو مژدہ ہو کہ وہ مبارک و مسعود مہینہ ماہِ "شعبان المعظّم" اِس قدر برکتوں، عظمتوں و رفعتوں والا مہینہ ہے کہ رحمتِ عالم محمّدِ عربی ﷺ نے اس مہینے کے حوالے سے ارشاد فرمایا "شَعبَانَ شَھِری" یعنی شعبان میرا مہینہ ہے-*
آقا حضور ﷺ نے فرمایا شعبان کی فضیلت اور مہینوں پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت اور نبیوں پر-
اس بابرکت مہینے کی پندرہویں رات جسے قرآنِ کریم نے "لَیلَتہٍ مُبارَکۃٍ" فرمایا... جسے احادیثِ کریمہ نے منبعِ خیرات فرمایا... جسے ائمہِ دین و ملّت و اساطینِ شریعت نے برکات و حسنات کے نزول کی رات فرمایا... بلا شبہ یہ وہ رات ہے جس میں درگاہِ ربُ العزّت سے مسلمان بندوں پر رحمت و مغفرت کی بارشیں ہوتی ہیں... یہ وہ رات ہے جس میں رحمتِ الٰہی اپنے پورے جوبن پر ہوتی ہے اور اپنے گنہگار بندوں کی بخشش و مغفرت کے لیے بے قرار ہوتی ہے-
مبارک ہیں وہ بندے جو اس رات کو ذِکر و اذکار... عبادت و تلاوتِ قرآن... نماز و قیام... توبہ و استغفار... زیارتِ قبور جیسے مستحب اعمال میں گزاریں اور بد نصیب ہیں وہ بندے جو اس شب کی برکتوں سے محروم رہیں-
اس مبارک رات کو شب بیدار رہنا... ذکر و نفل کا شغل رکھنا... اپنے اور اپنے اہل و عیال و اعزاء و اقارب بلکہ جملہ اہلِ اسلام و ایمان کے لیے دعائے عفو و عافیتِ دارین کرنا... زیارتِ قبور کرنا... احیاء و امواتِ مسلمین کو فائدہ و ثواب پہنچانا وغیرہ یہ وہ باتیں ہیں جو اس مبارک رات میں شریعتِ مطہّرۂِ محمّدیہ علیٰ صاحبہاالصّلوٰۃ والتحیّتہ کو مطلوب ہیں لیکن افسوس کہ آج کی مبارک رات ہمارے کچھ مسلمان بھائی خوابِ غفلت میں گزار دیتے ہیں... کچھ وہ ہیں جو آج کی رات تاش... گنجفہ... چوسر... فلم بینی... لہو و لعب... کھیل کود... اسراف و فضول خرچی... دیگر فضول کاموں اور تماشوں میں گزار دیتے ہیں اور ذرا نہیں شرماتے
ہے تو رضا نرا ستم جرم پے گر لجائیں ہم
کوئی بجائے سوزِ غم سازِ طرب بجائے کیوں
لہٰذا روایات کے پیشِ نظر اس شب میں عبادت و ریاضت... تلاوت... دعائیں... نوافل... ذکر و اذکار... درود و سلام... توبہ و استغفار وغیرہ کی کثرت کریں اگر ذمّہ میں قضا نمازیں باقی ہوں تو نوافل کی جگہ قضا نمازوں کو ادا کریں-
ربِّ قدیر ہم سب کو اس شب کی قدر کرنے اور اس میں خوب خوب عبادت و ریاضت کی توفیق عطا فرمائے-
(آمین بجاہ النّبی الکریم علیہ افضل الصّلوٰۃ والتّسلیم)
١٤ ِ شعبان بروز منگل ١٤٤٤ھ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں