src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> "اتی کرمن رحمت ہے!؟" - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

بدھ، 8 مارچ، 2023

"اتی کرمن رحمت ہے!؟"





"اتی کرمن رحمت ہے!؟"
 

✒️ ڈاکٹر آصف فیضی (مالیگاؤں)
📞9270055443
 


دنیا کچھ بھی کہے ۔۔۔۔۔ اتی کرمن کے بے شمار فائدوں کے سبب اتی کرمن ایک رحمت ہے۔۔۔ یقین نہ آئے تو تحریر پوری پڑھیں پھر فیصلہ کریں۔‌‌۔۔۔
اتی کرمن کے معنی دوسرے کی جگہ پر تصرف کرنا ہے۔


اتی کرمن کرنا ہمارا پیدائشی حق ہے اور ہم اسے حاصل کر کے رہیں گے۔اتی کرمن ہماری آن، بان،شان،پہچان اور ایمان ہے۔ہمارا شہر پاور لوم،مسجدوں اور مدرسوں کے لئے مشہور ہے۔یہاں اتی کرمن کی روز افزوں ترقی کو دیکھتے ہوئے ہم تو کہتے ہیں کہ مستقبل میں یہ اتی کرمن کے لئے بھی عالمی شہرت حاصلِ کر سکتا ہے۔ہماری معمولی سی توجہ سے ہمارے شہر کا نام اتی کرمن کے ضمن میں
" لمکا بک آف ریکارڈ" اور" گنیز بک آف ریکارڈ" میں باآسانی جگہ پاسکتا ہے۔



اتی کرمن اور ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے۔اتی کرمن اور ہم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔اتی کرمن اور ہم لازم و ملزوم ہیں۔اتی کرمن کا ہماری زندگی سے اٹوٹ رشتہ ہے اور  یہ رشتہ ہم سانس کا رشتہ ٹوٹنے تک نہیں ٹوٹنے نہیں دیں گے۔



دنیا کچھ بھی کہے،ہمارے لیے تو اتی کرمن ایک رحمت ہے۔گلی ،محلوں اور چوک چوراہوں کی ساری رونق اتی کرمن کے دم سے ہے۔چائے خانوں کو دیکھ لیں،چائے خانے کے اندر جتنی جگہ ہوتی اس سے کہیں زیادہ جگہ راستوں پر دستیاب ہوتی ہے، جہاں سجی ہوئی کرسیاں ایک خوبصورت سماں پیش کرتی ہیں۔اتی کرمن پر سجی کرسیوں پر براجمان ہو کر چائے نوشی کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔
راستوں پر سجی حلوائی کی دکان، دس پندرہ تھالوں میں سجی مٹھائیاں کسی باغ کا منظر پیش کرتی ہیں،جہاں ہر کلر اور ڈیزائن کے پھول کھلے ہوتےہیں۔اتی کرمن کے خاتمے سے تو یہ گلشن اجڑ ہی جائے گا۔


دکانوں کے باہر ٹکیہ، بھجیہ، سموسے، بھیل پوری، کلیجی، سیکھ کباب، رگڑا، پیٹس، گھگری۔ پلاؤ، پھل فروٹ، سبزتری کاری، شربت، سوڈا، کھجور، کپڑا، جوتے چپل، وغیرہ کی، راستوں کے دونوں جانب لگی ہوئی گاڑیوں سے جب راستے تنگ ہوجاتے ہیں تو راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کو ہونے والی تکلیف اور ایک دوسرے کو دھکا لگنے سے ہونے والی لڑائی اور آپس میں مغلظات کے تبادلے کا دل کشا منظر، کیا اتی کرمن کے بغیر دیکھ پانا ممکن ہے۔اتی کرمن کے سبب ہونے والے یہی جھگڑے تو ہماری زندگی اور زندہ دلی کی دلیل اور  ہمارے زندہ قوم ہونے کا بین ثبوت ہیں۔


اتی کرمن کی دو قسمیں ہیں۔ عارضی اتی کرمن اور مستقل اتی کرمن۔ دونوں اتی کرمن کے اپنے فضائل و مناقب ہیں۔

اتی کرمن دراصل ہمارے کلچر کا اہم حصہ ہے۔ گھروں کے باہر، گٹر پر سلیب، اس کے آگے رکھی ہوئی پانی کی ٹانکیوں کی اپنی شان ہے۔ اگر اس کے آگے کھٹیا اور کم از کم ایک سائیکل کھڑی نہ ہو تو اتی کرمن کا پیکیج پورا نہیں ہوتا۔ ہمیں تو نامکمل اتی کرمن ایک آنکھ نہیں بھاتا اور نامکمل اتی کرمن کرنے والے لوگ ہمارے کلچر پر ایک بدنما داغ ہیں۔


شادی بیاہ،موت میت،دینی جلسوں اور غیر اسلامی تہواروں پر دونوں جانب سے راستہ بند کر کے منڈپ لگانے میں جو مزہ  آتا ہے وہ شادی ہال ،لانس اور فنکشن ہال میں کہاں بڑے بے وقوف ہوتے ہیں وہ لوگ جو فنکشن ہال میں شادی کر کے ہزاروں روپے برباد کرتےہیں۔ راستوں پر شادی کے لیے بنائے گئےعارضی شادی ہال کسی فائیو اسٹار ہوٹل سے کم نہیں ہوتے۔گٹروں کےکنارے دعوت کھانے کی بات ہی اور ہے۔ پلاؤ اور دالچہ کی خوشبوکے ساتھ ساتھ گٹروں سے اٹھنے والی بھینی بھینی خوشبو کے آگے" اجمل کمپنی" کے عطر فیل ہوجاتے ہیں۔دعوت کے اختتام کے بعد پلاؤ اور دالچے کے باقیات(جسے کچرا کہنا توہین ہے) سے اٹھنے والی بھینی بھینی خوشبو "الریحاب"اور "الرصاصی"کے "عود" اور"مشک" کی خوشبوؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہیں۔
عارضی اتی کرمنوں کے چلتے راہ گیروں اور سواروں کا حال دیکھ کر جو دلی مسرت حاصل ہوتی ہے اسے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ عارضی اتی کرمن کے سبب گلیوں کو بند پا کر راہ گیروں اور سواروں کے دمکتے چہروں کو دیکھ کر جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ کشمیر کے"شالیمار باغ " اور آگرہ کے"تاج محل"کو دیکھ کر بھی حاصل نہیں ہو سکتی۔بند راستوں کے سبب راو گیروں اور سواروں کے خون میں جو اضافہ ہوتا ہے،وہ خون کی بوتل چڑھانے اور کشمیر کے ایک کلو سیب کھانے سے بھی نہیں ہوسکتا ۔
بے ہنگم ٹریفک میں پھنسنے سے وقت کی قدر کا جو  اندازہ ہوتا ہے وہ عام حالات میں نہیں ہو سکتا ۔اتی قربانی کا بھی ذریعہ ہیں۔کتنے لوگوں نے اتی کرمن کے چلتے اپنی جان کی قربانی دی ہے۔



کتنے ظالم وہ لوگ ہیں جو کشادہ سڑکیں، صاف گٹریں،ڈسپلین اوراتی کرمن سے پاک معاشرے کے تمننائی ہیں۔ایسے ڈسپلین اور پرسکون معاشرے کی زندگی سے تو موت اچھی ہے۔


جو لوگ ہمارے معاشرے سے اتی کرمن ختم کرنا چاہتے ہیں دراصل وہ یہودیوں کے ایجنٹ ہیں جو اتی کرمن کے بے شمار فائدوں کے باجود ایک سازش کے تحت ہماری شناخت اور وقار کوختم کرنا چاہتے ہیں۔رزق حلال کمانے کے لیے جگہ کی کیا قید۔۔۔ اگر یہی سوچیں تو ہمارے رزق کا کیا ہوگا۔اتی کرمن کو غیر شرعی،اخلاقی اور سماجی گناہ کہنے والوں کے جھانسے میں آنے کی ضرورت نہیں۔مشن اتی کرمن سے جڑے رہیں اوراتی کرمن کو وسعت دے کر اپنی دینی و ملی بیداری کا ثبوت دیں۔

کیا خیال ہے آپ کا۔۔‌۔۔ اتی کرمن رحمت ہے؟؟؟؟؟؟اپنی قیمتی آراء سے ضرور نوازیں۔
۔ختم شد۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages