مولانا محمد عظیم الدین رحمانی کے مدرسہ اسلامیہ سمن پورہ پٹنہ سے سبکدوشی پر تقریب کا انعقاد
سمن پورہ پٹنہ مورخہ 28/فروری 2023 (پریس ریلیز:محمد ضیاء العظیم ) مدرسہ اسلامیہ سمن پورہ کے سینئر استاذ وامام وخطیب جامع مسجد خواجہ پورہ پٹنہ مولانا محمد عظیم الدین رحمانی تقریباً 40/سالہ طویل مدت تک خدمات انجام دینے کے بعد آج سبکدوش ہوئے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر 1983 میں مدرسہ اسلامیہ سمن پورہ پٹنہ میں آپ کی تقرری ہوئی تھی اور 28/فروری 2023 میں آپ سبکدوش ہوئے ۔
اس موقع پر مدرسہ اسلامیہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت سابق استاذ مدرسہ اسلامیہ ماسٹر جمال صاحب نے کی، نظامت کا فریضہ مولانا مشتاق عالم سلفی سابق صدر مدرس مدرسہ اسلامیہ نے انجام دی، تقریب کا آغاز مولانا محمد ضیاء العظیم قاسمی نے قرآن مجید کی تلاوت سے کی، نعت شریف حافظ شارق خان صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مدرسہ کے دیگر اساتذہ وکارکنان نے اپنے تاثرات سے نوازا، مولانا مشتاق عالم سلفی نے مدرسہ کی تاریخ بتاتے ہوئے کہا کہ مدرسہ اسلامیہ سمن پورہ کی تاریخ ایک عظیم تاریخ ہے، یہاں سے علم وادب کا چشمہ پھوٹتا ہے، اس ادارہ کی بنیاد اخلاص پر ہے یہی وجہ رہی کہ یہاں سے طلبہ وطالبات نکل کر ملک بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، میری اور مولانا محمد عظیم الدین رحمانی صاحب کی تقرری ایک ساتھ ہوئی تھی، مولانا محترم نے دوران ملازمت بہت خلوص وللہیت کے ساتھ اپنی تدریسی فریضہ کو انجام دیا،سماجی کارکن ممبر مدرسہ اسلامیہ وصی احمد خان نے اپنے تاثرات سے نوازتے ہوئے کہا کہ مدرسہ اسلامیہ کو مولانا محترم نے بہت کچھ دیا، یہاں تعلیمی معیار بہت عروج پر پہنچی، مولانا موصوف نے ہمیشہ تعلیم وتربیت پر دیگر چیز کو ترجیح نہیں دی ، تعلیمی ترقی کے لئے ہر محاذ پر آپ نے بھر پور تعاون پیش کیا ۔مدرسہ اسلامیہ کے صدر نیاز خان نے بڑے رنج وغم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدیوں میں ایسی شخصیت جنم لیتی ہے، مولانا نے مدرسہ کے تئیں جو جذبہ، محبت، ایثار پیش کی ہے اس کی نذیر نہیں ہے،ہم سب اہل مدرسہ انہیں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں، ان کے حق میں دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں عافیت والی زندگی عطا فرمائے ۔ماسٹر جمال سابق مدرس نے بھی اپنے تاثرات سے نوازتے ہوئے کہا کہ
اُستاد ایک چراغ ہے جو تاریک راہوں میں روشنی کے وجود کو برقرار رکھتا ہے۔ اُستاد وہ پھول ہے جو اپنی خوشبو سے معاشرے میں امن، مہرومحبت و دوستی کا پیغام پہنچاتا ہے۔ اُستاد ایک ایسا رہنما ہے جو آدمی کو زندگی کی گم راہیوں سے نکال کر منزل کی طرف گامزن کرتا ہے۔مولانا موصوف نے اپنی تدریسی فریضہ بڑے جوش وخروش اور ایمانداری کے ساتھ انجام دی ہے،
اہم رکن مدرسہ مانو خان نے بھی تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے ساتھ بہت سی یادیں وابستہ ہیں، مولانا بظاہر تو سبکدوش ہو رہے ہیں لیکن وہ ہم سب کے دلوں میں ہمیشہ موجود محفوظ رہیں گے، سامو خان سکریٹری مدرسہ اسلامیہ اس قدر جذباتی ہو گئے کہ زبان سے کچھ نہ کہ سکے، گویا زبان حال سے کہ رہے ہوں کہ مولانا محترم کا یہاں سے جانا یہ صدمہ ناقابل برداشت ہے، آخر میں مولانا محمد عظیم الدین رحمانی نے سبھوں کا شکریہ ادا کیا، ماسٹر خالد مدرس انچارج مدرسہ ہذا، ومولانا نصر الدين قاسمی نے مہمانوں کی بھر پور ضیافت کی، بہترین نظم ونسق کے ساتھ ناشتہ کا انتظام وانصرام کیا ۔ نگار شمس معلمہ مدرسہ ہذا نے بھی بڑے دکھ رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محترم ہمارے سرپرست کی مانند ہیں، ان کا یہاں سے سبکدوش ہونا یقیناً ہم سب کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے ۔
یقیناً تعلیم ایک ذریعہ ہے،اس کا مقصد اچھی سیرت سازی اور تربیت ہے۔علم ایک روشن چراغ ہے جو انسان کو عمل کی منزل تک پہنچاتا ہے۔اس لحاظ سے تعلیم وتربیت شیوۂ پیغمبری ہے۔ اُستاد اورشاگرد تعلیمی نظام کے دو نہایت اہم عنصر ہیں۔ معلّم کی ذمہ داری صرف سکھانا ہی نہیں، سکھانے کے ساتھ ساتھ تربیت دینا بھی ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ کے بارے میں فرمایا: ﴿يُعَلِّمُهُمُ الكِتـٰبَ وَالحِكمَةَ وَيُزَكّيهِمۚ…. ﴾ (سورة البقرة: ١٢٩)اور نبی ﷺ ان(لوگوں) کو کتاب وحکمت (سنت) کی تعلیم دیتے ہیں اور ان کا تزکیہ وتربیت کرتے ہیں‘‘۔اس بنا پر یہ نہایت اہم اور مقدس فریضہ ہے ،اسی اہمیت او ر تقدس کے پیش نظر اُستاد اور شاگرد دونوں کی اپنی اپنی جگہ جدا گانہ ذمہ داریاں ہیں۔ اُنہیں پورا کرنا ہر دو جانب کے فرائض میں شامل ہے۔ اگر ان ذمہ داریوں کو بطریق احسن پورا کیا جائے تو پھر تعلیم بلاشبہ ضامنِ ترقی ہوتی اور فوزوفلاح کے برگ و بار لاتی ہے۔اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ شامل تھے سبھوں نے پرنم آنکھوں کے ساتھ مولانا محمد عظیم الدین رحمانی صاحب کو مبارکبادی دی،
اس پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں جن لوگوں کا اہم رول رہا ہے ان کی فہرست اس طرح ہے، ماسٹر خالد خان، مولانا نصیرالدین قاسمی، حافظ شارق خان، حافظ عمران، وغیرہ کا نام مذکور ہے،
آخر میں صدر محترم کی دعا پر تقریب کا اختتام کیا گیا،
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں