میکس اسٹیپس فاونڈیشن کو ملا اہلیان دھولیہ کا ساتھ
شہر مالیگاوں اور ترقی کے لیے میکس اسٹیپس فاونڈیشن کے ذمہ داران اب اپنا دائرہ کار مزید وسیع کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں فانوڈیشن کے چیئرمین رضوان بیٹری والا نے شہر دھولیہ کا دورہ کیا اور یہاں کی معزز شخصیات سے اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر دھولیہ شہر کے ایم ایل اے ڈاکٹر فاروق شاہ نے میکس اسٹیپس فاونڈیشن کے ذمہ داران کا استقبال کیا اور قوم و ملت کے تعمیری و تعلیمی مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔
ڈاکٹر فاروق شاہ نے رضوان بیٹری والا کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاوں اور دھولیہ میں مجلس کا تعارف کرانے کا سہرا رضوان بھائی کے ہی سر جاتا ہے۔ کیونکہ ایسے وقت میں جب اویسی برادران کی کوئی ویڈیو بھی دیکھنے پر پولیس مسلم نوجوانوں کو گرفتار کررہی تھی تب آپ ایم آئی ایم کا جھنڈا لے کر دھولیہ پہنچے اور عوام کے دلوں میں مجلس کے لیے محبت پیدا کرکے غیر معمولی کارنامہ انجام دیا۔
ایم ایل اے ڈاکٹر فاروق شاہ نے مزید کہا کہ عوام کے مفاد کے لیے قائم کی گئی میکس اسٹیپس فاونڈیشن کو وہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ آئندہ ہمارے بچوں کو تعلیمی و طبی سہولت کے لیے در در کی ٹھوکریں نہ کھانا پڑے۔
دھولیہ شہر میں بنکر برادری کے سرکردہ لیڈر حاجی شوال انصاری نے کہا کہ مسلم سماج میں این جی او کا قیام آج وقت کی اہم ضرورت ہےکیونکہ حکومت اب تمام تعلیمی اداروں کی نجکاری کررہی ہے جس سے غریب اور معاشی مسائل کا سامنا کرنے والے طلبا کو مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن ہماری قوم اتنے سنگین اور حساس موضوع پر بھی فکر مند نہیں ہوئی تھی لیکن رضوان بیٹری والے نے اس معاملے کی حساسیت کو سمجھا اور این جی او کے زریعے ہمارے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔
حاجی شوال نے یہ بھی کہا کہ اگر آج ہمیں اپنی قوم کے بچوں کو اعلی اور معیاری تعلیم کو شفاف طریقے سے فراہم کرانا ہے تو سبھی کو چاہیے کہ وہ میکس اسٹیپس فاونڈیشن کا ساتھ ضرور دیں ورنہ آنے والے وقت میں ہمیں خون کے آنسو رونا پڑے گا۔
دھولیہ کی معروف شخصیت شکیل شاہین نے بھی اس موقع پر رضوان بیٹری والے کو قوم و ملت کے موجودہ اور آنے والے مسائل کے سد باب کے لیے مفید مشوروں سے نوازا اور این جی اور کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ آئندہ چند دنوں میں میکس اسٹیپس فانڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس میں شہر دھولیہ کے کئی سرکردہ افراد شریک ہوں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں