فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر کام کرنے کی ضرورت
قاری مختار احمد ملی ابن عبدالعزیز جامعتہ الصالحین فارمیسی نگر مالیگاؤں
ملک کی آزادی کے بعد یہاں کے شر انگیزوں نے فسادات کا لامتناہی سلسلہ قائم کردیا تھا جس میں لاکھوں لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں بے شمار املاک برباد ہوئیں دو مذہب والوں میں ایسی دوری پیدا ہوئی کہ ستر سال کے بعد بھی ہم آہنگی پیدا نہ ہوسکی مذہبی منافرت ایسی پیدا ہوئی کہ ایک معمولی واقعہ بھی ماحول کو خراب کرنے کے لئے کافی ہے المیہ یہ کہ اتنی طویل مدت میں ہمارے قائدین اور لیڈران صرف سیاسی ادھیر بن اور اشتعال انگیز بیان بازی میں لگے رہے نفرت کی اس فضا کو ختم کرنے کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ نہ بناسکے بعض لوگ چند برسوں میں ایک دو مرتبہ ہم آہنگی کے نام پر کوئی جلسہ یا عید ملن کا پروگرام کرکے ایسا سمجھ لیتے تھے کہ ہم آہنگی پیدا ہوگئی حالانکہ اس طرز پر ہم آہنگی پیدا نہیں ہوتی فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہمیشہ انفرادی سطح پر پیدا ہوتی ہے ہمیں انفرادی سطح پر اغیار سےمسلسل رابطہ قائم کرنا ہوگا۔دوستانہ تعلقات قائم کرنا ہوگا شرعی حدود میں رہ کر ان کی خوشی و غم کی تقریبات میں شریک ہونا پڑیگا ان سے بغیر کسی مفاد کے تعلقات قائم کرنا ہوگا وقفہ وقفہ سے ان کی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا ہوگا اپنی تقریبات میں انھیں مدعو کرکے ان کا اعزاز و اکرام کرنا ہوگا کبھی سیاسی لیڈران اپنے سیاسی مفاد کیلئے ہم آہنگی کو بھنگ کرنے کی کوشش کریں تو ان کے بہکاوے میں نہ آکر انھیں ناکام بنانا ہوگا حالات چاہے جتنے خراب ہوں ہماری نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے پر ہونا چاہئے المیہ یہ ہے کہ فضا خراب کرنے والے تو مسلسل متحرک رہے لیکن فضا اچھی بنانے اور ہم آہنگی پیدا کرنے اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے پر کام نہ ہوسکا۔ہر کوئی اپنی دنیا میں مگن ہے اور آج بھی اس کا شعور نہیں ہے کہ یہ بھی کوئی کرنے والا کام ہے۔جب تک ہم مسلسل ان کے رابطہ میں نہیں رہیں گے۔اس وقت تک ہم آہنگی کی فضا نہیں بن پائگی آج اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ اتنی زیادہ خراب ہےکہ اگر اس کے ازالہ پرکام شروع ہوا تو مدتوں بعد اس کا ازالہ ہوسکے گا جبکہ آج تو کام کا آغاز بھی نہیں ہوا ہے۔جب تک ہم آہنگی کا یہ عمل شروع نہیں ہوگا مسلمانوں کے حالات بد سے بدتر ہوتے جائیں گے ہمارے اجتماعات اور دیگر تقریبات میں انھیں مدعو کریں اور ان سے انفرادی طور پر مسلسل رابطہ قائم کریں دوستانہ قربت کے ماحول میں اور بے تکلفی کے ماحول میں غلط فہمیوں کا ازالہ ہوتا ہے نہ کہ کانفرنسوں میں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں