*گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ ، میڈیکل کالج کی عمارت ، ججوں کی رہائش گاہ اور نئے بڑے پل کی تعمیر کیلئے 34 کروڑ روپے کا فنڈ مختص ..!!*
*رواں سال جاری ناگپور کے سرمائی اجلاس میں حکومت کا اہم فیصلہ ..!!*
*رکن اسمبلی فاروق شاہ نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور تعمیراتِ عامہ کے ریاستی وزیر رویندر چوہان کا شکریہ ادا کیا ..!!*
دھولیہ
20 دسمبر 2022
ناگپور میں جاری 2022/23 کے سرمائی اجلاس کے ضمنی بجٹ میں دھولیہ شہر اسمبلی حلقہ میں سرکاری ٹیکنیکل لائبریری کی تعمیر ، بھاؤ صاحب ہیرے میڈیکل کالج اور ہسپتال میں نئی عمارت کی تعمیر ، ججوں کیلئے رہائش گاہ کی تعمیر اور خستہ حال پرانے پل کی جگہ ایک نئے پل کی تعمیر کیلئے تقریباً 34 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ دھولیہ شہر میں دیو پور اور شہر کو جوڑنے والے برطانوی دور کے پل کو حال ہی میں محکمہ تعمیرات عامہ نے اس کی میعاد ختم ہونے کے بعد بند کر دیا تھا۔ انگریزوں نے اپنی سہولت کیلئے 1889 میں دریائے پنجرا پر ایک بڑا پل تعمیر کیا تھا چونکہ شہر سے باہر کوئی موڑ سڑک نہیں تھی اس لئے مدھیہ پردیش ، اتر پردیش اور پورے شمالی ہندوستان کو جوڑنے والی ٹریفک بڑے پل سے ہوکر گزرتی تھی ۔دھولیہ شہر کی توسیع کے بعد بھی شہر اور دیو پور کے درمیان آمد و رفت بنیادی طور پر اس پر منحصر تھی ۔ انگریزوں کے دور کا بڑا پُل تقریباً 133 سال سے شہریوں کی خدمت میں موجود تھا جس کی معیاد ختم ہونے پر محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا لیکن کوئی اور متبادل تجویز نا ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں کی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے دھولیہ شہر کے ترقی پسند رکن اسمبلی فاروق شاہ نے 16 نومبر 2022 کو تعمیرات عامہ کے وزیر این رویندر چوان سے ملاقات کی اور انہیں اس حقیقت سے آگاہ کیا تھا اور متعلقہ پل کی تعمیر کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کی گزارش کی تھی ۔ رکن اسمبلی فاروق شاہ کی گزارش پر 2022/23 کے سرمائی اجلاس کے ضمنی بجٹ میں ایک نئے بڑے پل کی تعمیر کیلئے 9 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔حکومت نے پہلے ہی سرکاری ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کیلئے تمام تر سہولیات سے لیس لائبریری اور صحن کی دیواروں کی تعمیر کیلئے بجٹ کو منظور کر لیا ہے جو دھولیہ شہر کے قدیم اداروں میں سے ایک ہے۔ حکومت نے 11 کروڑ 64 لاکھ 29 ہزار روپے بجٹ میں فراہم کئے ہیں تاکہ دھولیہ شہر میں سرکاری ٹیکنیکل ٹریننگ کیلئے ایک جدید لائبریری کی تعمیر کی جا سکے۔ دھولیہ کی ضلعی عدالت میں وکیل ایسوسی ایشن کے پروگرام میں وکلاء تنظیموں کی جانب سے دھولیہ ڈسٹرکٹ کورٹ کے معزز ججوں کی رہائشگاہ کی تعمیر کے بارے میں رکن اسمبلی فاروق شاہ سے مطالبہ کیا گیا تھا۔واضع ہو کہ اس سے قبل معزز جج صاحبان کو مختلف مقامات پر سرکاری کوارٹرز میں بہت چھوٹے کمروں میں رہنا پڑتا تھا جس میں کافی مشکلات کا سامنا تھا اور انھیں شہر کی مختلف جگہوں پر رہنا پڑا جیسے کلیان بھون کے ساتھ ، ضلع پریشد کے سامنے سرکاری افسران کے کوارٹرز میں گزارا کرنا پڑتا تو بعض ججوں کو کمرہ تک نہیں ملا مجبوراً انھیں کرائے کے مکان میں رہنا پڑ رہا ہے اس صورتحال کو دیکھ کر رکن اسمبلی فاروق شاہ نے تقریباً 2 سال قبل ججوں کی رہائش کیلئے مکمل تجویز تیار کی تھی اور حکومت سے فنڈز کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت کی طرف سے آج ضمنی بجٹ 2022-23 میں معزز ججوں کی رہائش کیلئے 6 کروڑ 90 لاکھ روپے کے فنڈز کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بھاؤ صاحب ہیرے میڈیکل کالج اور ہسپتال میں ایک نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 11.25 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ دھولیہ شہر کا اسمبلی حلقہ تعمیر و ترقی کا نیا دور دیکھنے کیلئے تیار ہے کیونکہ 34 کروڑ روپے سرکاری ٹیکنیکل لائبریری، میڈیکل کالج کی عمارت، ججوں کی رہائش گاہ اور ایک نئے بڑے پل کی تعمیر کیلئے مختص کیے گئے ہیں جس کی اطلاع سے شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ رکن اسمبلی فاروق شاہ نے ضمنی بجٹ میں شہر کیلئے 34 کروڑ روپے مختص کرنے پر ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، تعمیرات عامہ کے وزیر رویندر چوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
✒️ حلیـم شمـس الـدین انصـاری
ایم آئی ایم ضلع صدر
میڈیا سیل
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں