بھلائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہر مومن کی ذمہ داری
سماج سدھار مہم کے تحت کارنر میٹنگ سے علماء کرام کا خطاب
قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ کی یہ شان بیان کی ہے کہ اس امت کواللہ نے اس لیے وجود بخشا ہے کہ یہ دوسروں کو نیکی کی طرف بلاتی ہے اور برائی سے روکتی ہے ۔ (سورہ آل عمران) یہ وہ ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی میں کوتاہی پر قیامت کے دن ہم سے باز پرس کی جائے گی، لہٰذا ہر مومن (مرد وعورت) کو چاہیے کہ وہ دوسروں کو نیکیوں اور بھلے کاموں کا حکم دیتارہے،اور برائیوں اور گناہوں سے روکنے کی کوشش کرتارہے۔آج اس دینی فریضہ کی ادائیگی میں کوتاہی کی وجہ سے معاشرے میں خرابیاں اور برائیاں بڑھتی جا رہی ہیں، اور نیک اعمال میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ یہ واضح اور با مقصد پیغام اتوار کے روز ادارہ صوت الاسلام کے زیر اہتمام جاری سماج سدھار مہم کے تحت منعقدہ کارنر میٹنگز سے دیا گیا۔ یہ میٹنگز گلشن یاسین میں تین مقامات مسجدحسان بن ثابت، نئی تہذیب ہائی اسکول، اور عنبر ریسٹورنٹ کے پاس منعقد کی گئیں،اسی طرح رضوان ہوٹل(نزد مسجد حاجی عبدالرؤف)،شاہین فضا ہوٹل( چندن پوری گیٹ) لئیق ہوٹل(نزد نگینہ مسجد) خیابان نشاط چوک اورعلامہ اقبال ہوٹل (قلعہ) میں بھی کارنر میٹنگز کاانعقاد کیاگیا، تمام جگہوں پر مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب ،مفتی محمد خالد ملی، حافظ مبین احمد، مفتی ابو طلحہ ملی اور حافظ عامر انعامی نے شرکاء سے خطاب کیا اور معاشرے کی اصلاح اور درستگی سے متعلق مختلف تدبیریں بیان کیں،انہوں نے حدیث شریف کی روشنی میں کہا کہ ہر شخص کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آس پاس کسی گناہ کو ہوتاہوا دیکھے تو اس کو اپنے ہاتھ سے روکنے کی کوشش کرے ،ہاتھ سے روکنے کی طاقت نہ ہوتو زبان سے روکے اور اس کی بھی طاقت نہ ہو تو اس گناہ کو اپنے دل میں برا سمجھے۔یہ ایمان کاآخری درجہ ہے۔ان حضرات نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ اب لوگ برائی کو ہوتاہوا دیکھتے ہیں تو اسے مٹانے کے بجائے نظریں پھیر لیتے ہیں جس کے نتیجہ میں گھر، محلہ اور سماج میں طرح طرح کی برائیاں پنپ رہی ہیں۔ان تمام جگہوں پر بڑی تعداد میں عام افرا د نے شرکت کی جن میں قلعے کی معروف شخصیت مولانا سراج احمدملی ندوی صاحب ، ہیراپورہ کی اصلاحی کمیٹی کے اراکین محمد عارف بھائی ، ایوب بھائی، رئیس احمد مقادم اور نہال احمد مقادم نے میٹنگز کے انعقاد اور انتظام کے لیے محنت کی، اسی طرح اعجاز فائٹر ، شکیل کیسٹ والے اور رضوان بھائی بھی موجود تھے۔
اتوار ہی کو عشاء کے بعد شاہ ولی اللہ محدث دہلوی اکیڈمی کی معاونت سے بابر ہوٹل ، بڑی مالیگاؤں ہائی اسکول، مدنی ہوٹل ،انڈین ہوٹل ، عزیز کلو اسٹیڈیم ،حسن پورہ چوک ، گلشن حبیب چوک ، مولانا عثمان چوک ، پاپولر ہوٹل، مسجد آفتاب سر اعظم پورہ میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد ہوا جن میں مولانا عقیل احمد ملی صاحب نے خطاب کیا اور سامعین کو سماجی برائیوں اور ان کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شاہ ولی اللہ محدث دہلوی اکیڈمی سمیت متعدد اداروں اور کلبوں کے ذمہ داران موجود تھے جبکہ تمام جگہوں پر عام افراد بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں