سماج سدھار مہم جاری، سماجی برائیوں کے خلاف بیداری کی لہر
منگل کے روز ۲۳؍ مقامات پر کارنر میٹنگ منعقد ہوئی
اللہ پاک نے ہمیں مختصر زندگی عطا فرمائی ہے ،جس میں ہمیں دنیاوی تقاضوں کو بھی پورا کرنا ہے اور آخرت کی بھی تیاری کرنی ہے ،اس لیے وقت کو غنیمت جانتے ہوئے اس کا صحیح استعمال کریں، اپنی صحت کی حفاظت کریں اور نشہ آور اشیاء سمیت دیگر نقصان دہ چیزوں سے بچیں ،مل جل کر اتحاد اتفاق کے ساتھ زندگی گزاریں اور لڑائی جھگڑوں سے گریز کریں،آج لوگ بیماریوں ،بے روز گاری ،تنگ دستی اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر خودکشی جیسا انتہائی قدم اٹھا نے لگے ہیں،ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے پا س پڑوس اور خاندان کے لوگوں کی خبر گیری کریں ،اسی طرح سماج کے پریشان حال اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کریں ،اگر ہم یہ سارے کام کرلیتے ہیں تو برائیاں ختم ہوسکتی ہیں اور ہمارا معاشرہ پاکیزہ بن سکتا ہے ،اس طرح کی فکر انگیز باتیں ۲۷؍ستمبر منگل کے روزسماج سدھار مہم کے تحت منعقد کی گئی کارنر میٹنگوں میں مقررین نے پیش کیں۔جن علاقوں میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیاان میں رونق آباد ،عباس نگر ،شفیع آباد،مسلم نگر،آزاد نگر،عبد اللہ نگر،ساٹھ فٹی روڈ،سلامت آباد،سلیم منشی نگر،گلاب پارک اور فارمیسی نگر شامل ہیں ،ان علاقوں کے چوبیس مختلف مقامات اور چوک چوراہوں پر کارنر میٹنگوں کا کامیاب انداز میں انعقاد کیا گیا جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
گزشتہ جمعہ کے دن سے شروع کی گئی کارنر میٹنگوں کا سلسلہ اہتمام کے ساتھ جاری ہے اب تک شہر بھر کے ۷۶؍چوک چوراہوں پر یہ میٹنگیں منعقد کی جاچکی ہیں ،جن کے نتیجے میں الحمد للّٰہ سماجی برائیوں کے خلاف بیداری کا ماحول نظر آرہا ہے،عوام وخواص نے کارنر میٹنگوں کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے، اسی طرح نوجوان افراد بھی بڑی تعداد میں ان میٹنگوں میں شریک ہو کر علماء کرام کی باتوں کو سن رہے ہیں ۔کارنر میٹنگوں کے کنوینر مفتی محمد عامر یاسین ملی نے منگل کے روز چار ٹیمیں بناکر الگ الگ علاقوں میں روانہ کیں جن میں مفتی کفیل احمد رحمانی ،مفتی محمد خالد ملی ،مولانامحمد سلمان تجویدی ، ،مولانا انوار الرحمن محمدی (جمعیت اہل حدیث) حافظ سعد مدنی (جمعیت اہل حدیث)اسی طرح مدرسہ دعوۃ الحق کے متعدد اساتذہ اور طلبہ مفتی عبد المحسن قاسمی،مولانا نشاط مظاہری ،حافظ عبد الرحمن داعی ،حافظ شعیب فیضانی ،حافظ شعیب اختر انعامی شامل تھے۔ان حضرات نے مختلف جگہوں پر کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا اور موثر انداز میں سماجی برائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب تک ہر شخص اپنے سماج اور معاشرے کو سنوارنے کے لیے فکر مند نہیں ہوگا اس وقت تک سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر شخص اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کرے اور بطور خاص اپنی اولاد کو نشہ جیسی مہلک عادت سے روکنے کی کوشش کرے۔الحمد للہ تمام جگہوں پر کامیاب انداز میں کارنر میٹنگ منعقد ہوئی ،جناب محمد یوسف رحمانی ،قاری شکیل رحمانی ،فیصل شکیل رحمانی ،جناب اشفاق لعل خان سر ،جناب قاضی نعیم صاحب ،حافظ عبد السالک صاحب اسی طرح بسم اللہ باغ کے ممتاز احمد اور متعدد نوجوانوں نے ان میٹنگوں کے نظم وانتظام میں جدو جہد کی۔
بدھ کے روز گلاب پارک فارمیسی نگر، عمرہ آباد اسی طرح گلشن مالک ،گلشن یاسین ،ہیرہ پورہ ،قلعہ اور رسول پورہ میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ان شاء اللہ ،ان علاقوں کے مسلمانوں سے گزارش ہے کہ عشاء کے بعد ہونے والی ان کارنر میٹنگوں میں ضرور شرکت کریں ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں