13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ معاملہ
24/ اگست سے باقاعدہ مقدمہ کی سماعت شروع کئے جانے کاحکم
ممبئی 12/ اگست 2022 :ممبئی کی خصوصی مکوکا عدالت نے گذشتہ ہفتہ 13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ مقدمہ (زاویری بازار بم دھماکہ) معاملے میں ملزمین کی جانب سے مقدمہ کی روز بہ روز سماعت کیئے جانے والی عرضداشت پرحکم صادر کرتے ہوئے استغاثہ کو حکم دیاکہ وہ معاملے کی اگلی سماعت یعنی کے 24 اگست کو سرکاری گواہ کو عدالت میں پیش کرے، عدالت نے 24 سے لیکر 26 اگست تک لگاتار تین دن مقدمہ کی سماعت کیئے جانے کا حکم صادر کیا ہے، عدالت نے استغاثہ کو حکم دیا کہ وہ گواہی شروع ہونے سے قبل ڈیجیٹل ثبوت وشواہددفاعی وکلاء اور ملزمین کو مہیا کرائے۔
ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے دفاعی وکلاء ایڈوکیٹ عبدالوہاب خان اورایڈوکیٹ شریف شیخ نے عدالت میں کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 309 کے تحت عرضداشت داخل کرکے معاملے کی سماعت یومیہ کی بنیاد پر کیئے جانے کی گذارش کی تھی لیکن عدالت نے یہ کہتے ہوئے عرضداشت مسترد کردی کہ عدالت کے لیئے یہ ممکن نہیں ہیکہ وہ اس مقدمہ سماعت روز بہ روز کرسکے کیونکہ عدالت پہلے ہی سے تقریباً دو سو مقدمات کی سماعت کررہی ہے اور ان دو سو مقدمات میں سے چند مقدمات ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے ٹائم بونڈ ہیں یعنی کے انہیں مقررہ وقت میں ختم کرنا ہے۔
ممبئی سٹی سول اینڈ سیشن عدالت میں قائم خصوصی مکوکا عدالت کے جج بی ڈی شیلکے نے خصوصی سرکاری وکیل اجول نکم کو حکم دیا کہ وہ 24 / اگست کو عدالت میں گواہ کو پیش کریں اور دفاعی وکلاء کو بھی حکم دیا کہ گواہ استغاثہ سے جرح کرنے کے لیئے تیار رہیں۔
اسی درمیان خصوصی جج نے ملزم ندیم اختر کی جانب سے داخل کردہ عرضداشت پر سخت ریمارک پاس کرتے ہوئے اسے خارج کردیا اور اپنے فیصلہ میں لکھا کہ ملزم یکے بعد دیگرے مقدمہ کی روزانہ سماعت کیئے جانے کی عرضداشت داخل کرکے عدالت کا قیمتی وقت برباد کررہا ہے نیز ملزم کی جانب سے لگاتار عرضداشتیں داخل کرنے کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا ہوسکتا ہے کیونکہ ایک جانب ملزم مقدمہ کی جلدسماعت چاہتا ہے وہیں دوسری جانب عرضداشت پر عرضداشت داخل کیئے جارہا ہے جس کی وجہ سے ٹرائل شروع نہیں ہوپارہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس عدالت نے ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 302,307,326,325,324,379,109,
اس معاملے میں انسداد دہشت گرد دستے ATS نے اٹھارہ ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں داخل کی ہے، زاویری بازار، اوپیرا ہاؤ، دادر میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 127 زخمی ہوئے تھے۔ تحقیقاتی دستہ اے ٹی ایس نے ملزمین پر الزام عائد کیا ہیکہ ملزمین کا تعلق انڈین مجاہدین نامی دہشت گرد تنظیم سے ہے اور بیرون ملک سے فنڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ممبئی کے تین مختلف مقامات پر بم دھماکے انجام دیئے تھے۔
اس مقدمہ میں ملزمین نقی احمد وصی احمد، ندیم اختر اشفاق شیخ، کولیان وزیر چند پتریجا، ہارون عبدالرشید نائیک،کفیل احمد محمد ایوب انصاری، محمد احمد صدی بپا عرف یاسین بھٹکل، اسعد اللہ اختر جاوید اختر عرف ہڈی، اعجاز سعید شیخ، سید اسماعیل آفاق علیم لنکا، صدام حسین فیروز خان، زین العابدین عبدالرزاق کے خلاف چارج فریم کیا گیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں