گینگسٹر نے پولیس وین میں منائی سالگرہ, ویڈیو ہوا وائرل
مہاراشٹر کی کلیان کورٹ میں پیش ہونے والے ایک گینگسٹر نے پولیس وین میں اپنی سالگرہ منائی۔ اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں پولیس کی لاپرواہی سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس معاملے سے وابستہ ایک اہلکار نے بتایا کہ گینگسٹر کو عدالت میں لانے والی پولیس اسکارٹ ٹیم کا تعلق تھانے دیہی پولیس سے تھا۔ اہلکار نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں سوشل میڈیا پر ایک زیر سماعت قیدی کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کا ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مہاراشٹر پولیس کی جم کر تنقید کی جارہی ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے گینگسٹر کی شناخت روشن جھا کے نام سے ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روشن کے خلاف قتل، اقدام قتل اور جبرا وصولی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ روشن ایک فوجداری کیس میں پیشی کے لیے کلیان عدالت میں آیا تھا۔ اس دوران اس کے دوست بھی عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔ اس کے دوستوں نے اسے کورٹ ہاؤس کے قریب تعینات پولیس اسکارٹ وین کی کھڑکی سے کیک دیا اور مجرم نے کیک بھی کاٹا۔ کیک کاٹتے ہوئے روشن کے دوستوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور ہوٹنگ کی۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگوں نے پولیس کی کارکردگی اور اخلاقیات پر سوال اٹھائے ہیں۔ جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ روشن جھا ایک گینگسٹر ہے اور ضلع کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، جبرا وصولی اور دیگر کئی مقدمات میں ملزم ہے۔ وہ قتل کے ایک کیس میں کلیان کی آدھڑ واڑی جیل میں سزا کاٹ رہا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں