12 نومبر تشدد معاملہ: محروسین کا حوصلہ بڑھانے مستقیم ڈگنیٹی پھر پہنچے ناسک سینٹرل جیل
پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ و علیہ وسلم کی اہانت کی مذمت میں گزشتہ سال ۱۲ نومبر کو مالیگاؤں بند کے دوران ہوئے تشدد کے معاملے میں گرفتار ملزمین کی درخواست ضمانت پر سنوائی ۲۵ جولائی کو ہونا طئے ہے- ضمانت حاصل کرنے میں سست عدالتی نظام کیوجہ سے ہورہی تاخیر کے سبب محروسین اور انکے اہل خانہ بہت پریشان ہیں- اسلیے محروسین کی حوصلہ افزائی کے لیے اور انہیں موجودہ صورتحال سے واقف کرانے کے لیے آج جنتادل سیکولر جنرل سیکریٹری محمد مستقیم ڈگنیٹی اور عبدالرحمٰن شاہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناسک سینٹرل جیل پہنچے- وہاں انھوں نے ناصر کرانہ والا، رضوان بیٹری والا اور دیگر محروسین سے ملاقات کی اور انکا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی-
محروسین سے ملاقات کے بعد مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ بے قصور افراد آٹھ ماہ سے قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں- ضمانت میں تاخیر کے سبب محروسین ایک غیر یقینی صورتحال کا سامنہ کررہے ہیں- جیل سے آئے پیغامات میں بھی انکی پریشانی صاف جھلک رہی ہوتی ہے- اسلیے محروسین کا حوصلہ بڑھانے اور انہیں یہ یقین دلانے کہ شہریان انکے ساتھ کھڑے ہیں، آج ہم لوگ ناسک سینٹرل جیل پہنچے تھے- دوران ملاقات محروسین نے کہا کہ ضمانت اور انصاف میں تاخیر بھی ایک طرح کی ناانصافی ہے- ضمانت حاصل کرنے کا پروسیجر ہی ہمارے لیے ایک سزا بن چکا ہے- غیر یقینی صورتحال کیوجہ سے کچھ ملزمین ذہنی تناؤ کا بھی شکار ہوگئے ہیں-
مستقیم ڈگنیٹی، عبدالرحمٰن شاہ و دیگر نے محروسین کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ شہریان نے انہیں بھلایا نہیں ہے اور انکی رہائی کے لیے ہو کوئی دعا کررہا ہے- ہائی کورٹ میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں اور ۲۵ جولائی کو سنوائی کے بعد محروسین کی ضمانت ضرور منظور ہوگی انشااللہ، اسطرح کا تیقن بھی مستقیم ڈگنیٹی نے محروسین کو دیا- اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی اور عبدالرحمٰن شاہ کے علاوہ عمران بیٹری والا، نظیر خان اور عمران عبدالباقی موجود تھے-
مستقیم ڈگنیٹی ناسک سینٹرل جیل میں قید ملزمین سے رابطے میں ہیں اور انہیں قانونی کاروائیوں کی اطلاع دینے کے لیے ناسک سفر کرتے رہتے ہیں- بتادیں کہ جنتادل سیکولر کئی ملزمین کی قانونی معاونت کے لیے سرگرم عمل ہے اور مستقیم ڈگنیٹی مسلسل ممبئی کا بھی سفر کررہے ہیں تاکہ محروسین کی رہائی کی راہ ہموار ہو- اب تک ۲۰ سے زائد ملزمین ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں- دیگر ملزمین کی درخواست ضمانت پر ہائی کورٹ میں ۲۵ جولائی کو سنوائی ہوگی-
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں