رمضان پورہ میں مشکوک حالت میں 24 سالہ رخسار کی لاش ڈرم میں ملنے سے سنسنی,
مالیگاؤں(نامہ نگار) رمضان پورہ پولس اسٹیشن کی حد میں ایک شادی شدہ خاتون کی لاش مشکوک حالت میں ڈرم سے برآمد ہوئی. واضح رہے کہ لاش کے ہاتھ اور گردن پر زخم کے نشان تھے اور پیر بھی تقریباً بندھے ہوئے پائے گئے تھے. 10 سے 12 سال قبل شادی کے بندھنوں میں بندھنے والی رمضان پورہ نزد دوست سائزنگ کی ساکنہ رخسار عبدالوفا (24 سال) اپنے ہی گھر کے ایک ڈرم میں اس طرح پائی گئی کہ سر نیچے اور پیر اوپری سمت میں دکھائی دے رہے تھے. سماجی خادم شفیق اینٹی کرپشن نے نمائندہ کو بتایا کہ خاتون کی دونوں بچیاں دینی تعلیم کے لئے مدرسہ گئیں ہوئیں تھیں. دونوں لڑکیوں نے واپسی کے بعد جب اپنی ماں کو اس حالت میں دیکھا تو چیخ و پکار کرتے ہوئے قرب و جوار کے ساکنوں کو آواز دے لیا. تھوڑی ہی دیر میں اس خاتون کا شوہر بھی آن موجود ہوا. پہلی ہی نظر میں وہاں موجود افراد نے جان لیا تھا کہ وہ خاتون دم توڑ گئی ہے. اہلیان محلہ نے اس ناگہانی حادثہ کی اطلاع رمضان پورہ پولیس تھانہ کے گوش گزار کی تو پولیس بھی فورأ جائے وقوع پر پہنچ گئی.خاتون کو بدقت تمام ڈرم سے نکال کر سرکاری اسپتال لے جایا گیا. جہاں تعینات طبی عملہ نے اس کے دم توڑ جانے کی اطلاع فراہم کردی. دم توڑ جانے والی خاتون کے قرب و جوار میں سکونت پذیر افراد سے جب پولیس اہلکاروں نے پوچھ تاچھ شروع کی تو یہ عقدہ کھلا کہ رخسار کا شوہر مسلسل کئی دنوں سے اس کے ساتھ دشنام طرازی اور بری طرح ذد و کوب کرتا رہا تھا. گزری رات کو بھی ایسا ہی کچھ کرنے کے بعد رخسار کا شوہر کہیں باہر چلا گیا تھا. کسی طور پر حادثہ کی اطلاع جب اسے ہوئی تو وہ واپس اپنے مکان پر آیا تھا. پولیس محکمہ انتہائی باریک بینی سے اپنی تفتیش میں مصروف ہے. تادم تحریر رخسار کی موت کیسے اور کیونکر کس کے ذریعے ہوئی ہے اس کا خلاصہ نہیں ہو پایا ہے.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں