ضیائے حق فاؤنڈیشن کی طرف سے نوازے گئے بہار کے صحافی اور شعراء
پٹنہ: ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے بہار کے نامور صحافی ایس ایم اشرف فرید چیف ایڈیٹر روزنامہ قومی تنظیم، پٹنہ کو عمر فرید صحافتی ایوارڈ اور ڈاکٹر ریحان غنی چیف ایڈیٹر روزنامہ عوامی نیوز کو حضرت عثمان غنی صحافتی ایوارڈ سے نوازا گیا. اعزازیہ تقریب اقرا ہال الحرا پبلک اسکول شریف کالونی میں مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ کی صدارت میں ہوئی. اس موقع پر ضیائے حق فاؤنڈیشن کی چئیرمین ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے تفصیل کے ساتھ ضیائے حق فاؤنڈیشن کا تعارف اور اغراض و مقاصد پیش کیے. انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد اردو کے صحافیوں اور شعرا و ادبا کی قدردانی اور ان کی خدمات کا اعتراف بھی ہے. اسی مقصد کے تحت یہ اعزازیہ تقریب منعقد کی گئی ہے. ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رحمتہ اللہ علیہ کا شمار عظیم مجاہدین آزادی اور بے باک صحافیوں میں ہوتا ہے. انہیں اپنے اداریوں کی وجہ سے متعدد بار جیل کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں. حضرت عثمان غنی کے نام پر ایوارڈ جاری کرنے کا مقصد ایک طرف جہاں ان کی خدمات کو یاد رکھنا ہے وہیں یہ پیغام بھی دینا ہے کہ ہمارے اسلاف کتنے عزم و حوصلہ والے تھے کہ جس پیشے نے ان سے قربانیاں طلب کیں انہوں نے اسی پیشے میں اپنے افراد خانہ کو بھی لگا دیا. ڈاکٹر ریحان غنی عثمان غنی کے پوتے ہیں اور اپنی بے باکی کے لیے مشہور ہیں. عمر فرید کے نام سے ایس ایم اشرف فرید کا ایوارڈ دینے کا مقصد بھی یہ پیغام دینا ہے کہ عمر فرید نے اردو صحافت کے چیلنجوں کو نہ صرف قبول کیا بلکہ انہیں اپنے فرزندان میں منتقل بھی کیا. اعزازیہ تقریب میں بزرگ شاعر ناشاد اورنگ آبادی، مرغوب اثر فاطمی، خورشید اکرم سوز، نیاز نذر فاطمی اور مشتاق سیوانی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا. پروگرام کا آغاز حسن امام قاسمی کی تلاوت سے ہوا. نظامت کے فرائض کامران غنی صبا نے انجام دئیے جبکہ افتتاحی کلمات ضیائے حق فاؤنڈیشن کے برانچ اونر ضیاء العظیم نے ادا کیے. تقریب اعزازیہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے امتیاز احمد کریمی نے شرکت کی. پروفیسر صفدر امام قادری، انوار الحسن وسطوی، انوار الہدی، اشرف النبی قیصر، ماسٹر انظار احمد، مظہر وسطوی، خرم ملک، حسن امام قاسمی، نظر الہدی قاسمی، عارف اقبال، شیث احمد، شارق خاں، عظیم انصاری سمیت دانشوران شہر اور شائقین علم و ادب نے اعزازیہ تقریب میں شرکت کی. ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے اظہار تشکر پیش کیا.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں