عازمین حج کی چار دن قبل حج ہاؤس میں حاضر رہنے کی پابندی ختم
حاجی آصف نیشنل کی شکایت پر شیو سینا کے وزیر زراعت دادا بھسے کی وزیر اعلی سے کامیاب نمائندگی
مالیگاؤں (پریس ریلیز) پچھلی ساری حکومتیں حج کے سفر پر روانہ ہونے والے افراد کو خصوصی مراعات مہیا کرتے ہوئے انھیں سبسیڈی دیا کرتی تھی لیکن موجودہ حکومت نے عازمان حج کے لئے مہیا کردہ تمام خصوصی مراعات اور سبسیڈی یکسر ختم کردی ہیں ساتھ ہی آئے دن نت نئے قوانین کے ذریعے عازمان حج کو پریشانیوں میں مبتلا کیا جارہا ہے. آج جب کہ سفر حج پر روانہ ہونے والے افراد اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کرتے ہوئے اپنی روانگی کے منتظر تھے ہی کہ یکا یک موجودہ بھاجپہ حکومت کی جانب سے تمام عازمان حج کی روانگی سے چار دن یعنی 72 گھنٹہ قبل ہی ان کی جانب سے متعین شدہ جگہوں پر موجودگی کو از حد ضروری قرار دیا گیا تھا جو تمام عازمان حج کے لئے پریشانی کا سبب بن کر ان کی مشکلات میں اضافہ کرتا جارہا تھا. اس سنگین مسئلے کی جانب جب شہر کے سماجی خادم حاجی آصف نیشنل والے کو متوجہ کیا گیا تو انھوں نے مالیگاؤں دیہی حلقہ کے رکن اسمبلی جو ریاستی حکومت میں وزیر زراعت اور دیہی ترقیات کے وزیر بھی ہیں کو اس اہم معاملہ میں دلچسپی لینے کی درخواست کی.دادا بھسے نے اس بابت خصوصی طور پر ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے گفت و شنید کی نیز حج کمیٹی آف انڈیا کو اس تکلیف دہ امر سے واقف کرتے ہوئے روانگی حج سے چار قبل طے شدہ مقام پر حاضری سے بھی مشتشنی قرار دینے کی گزارش کی. ریاستی شیو سینا اقلیتی سیل کے نائب صدر حاجی آصف نیشنل والا نے بتایا کہ دیہی حلقہ کے رکن اسمبلی کو ان تکلیف دہ مراحل سے روشناس کرایا گیا اور بغیر کسی نام و نمود اور پروپیگنڈے کے معاملہ کو حل کیا گیا. اب عازمین حج چار روز قبل ممبئی پہنچ کر پریشان ہونے سے بچ جائیں گے. علاوہ ازیں اب عازمین حج کو روانگی سے چند گھنٹے قبل پہنچ کر اپنے سوئپ کی جانچ کروانی ہوگی.اب عازم حج کا کوئی بھی ذمہ دار شخص حج ہاؤس سے اتھارٹی لیٹر حاصل کرکے کاغذی کاروائی کو آسانی سے مکمل کر سکتا ہے. حاجی آصف نیشنل والا اور ریاستی وزیر دادا بھسے نے تمام عازمین حج کی نمائندگی کا فریضہ ادا کرتے ہوئے ان کے لئے آسانیاں مہیا کیں جو ایک مستحسن اقدام ہے. دادا بھسے کی اس گزارش اور ریاستی وزیر اعلی کی ایماء پر مذکورہ پابندی کو یکسر ختم کرنے کا اعلان کردیا. مذکورہ پابندی ختم ہونے کی وجہ سے تمام عازمین حج کو ایک گونہ اطمینان حاصل ہوا کہ اب وہ پہلے کی طرح اطمینان بخش طریقوں سے حج کے تمام ارکان کی ادائیگی اور سفر حج کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے نہایت ہی خشوع و خضوع کے ہمراہ عازم حج ہوں گے.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں