١٢نومبر تشدد معاملہ:
جنتادل سیکولر آفس پر اہم میٹنگ، ہائی کورٹ میں قانونی جدوجہد پر تبادلۂ خیال
مستقیم ڈگنیٹی محروسین کے اہل خانہ کیساتھ آج ممبئی روانہ ہونگے-
مالیگاؤں : گذشتہ سال 12 نومبر کو ہوئے تشدد معاملے میں آج بھی 30 سے زائد افراد ناسک سینٹرل جیل میں قید ہیں- محروسین کی رہائی کے لیے جنتادل سیکولر مقامی عدالت کے بعد اب ممبئی ہائی کورٹ میں بھی قانونی جدوجہد کے لیے تیار ہے- گرمی کی تعطیلات کے بعد ہائی کورٹ 6 جون سے دوبارہ شروع ہورہی ہے- اس تناظر میں ایک اہم میٹنگ کل بروز اتوار صدر جنتادل سیکولر شان ہند نہال احمد کی عوامی رابطہ آفس پر ہوئی- میٹنگ میں شان ہند، محمد مستقیم ڈگنیٹی اور محروسین کے اہل خانہ نے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا-
مستقیم ڈگنیٹی محروسین کے اہل خانہ کیساتھ پیر کی رات ممبئی روانہ ہورہے ہیں تاکہ ہائی کورٹ شروع ہوتے ہی ملزمین کی درخواست ضمانت پر سنوائی ہوسکے- مستقیم ڈگنیٹی تین چار دن ممبئی میں ہی قیام کریں گے اور اس دوران سینئر وکلاء کیساتھ مل کر ضمانت حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی-
میٹنگ میں مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ محروسین کی جلد رہائی کے لیے ہم نے ایڈوکیٹ مندارگی اور ایڈوکیٹ مہیندر جیسے سینئر وکلاء کے توسط سے درخواست ضمانت ممبئی ہائی کورٹ میں داخل کی ہے- الگ الگ وکیل کے زریعے درخواست ضمانت داخل کرنے کا مقصد یہ ہیکہ سنوائی کی تاریخ جلد حاصل کی جا سکے- جو وکیل پہلے تاریخ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا دیگر محروسین کی درخواست ضمانت پر شنوائی بھی اسی تاریخ کو ممکن ہوسکتی ہے-
شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی نے محروسین کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ بہت جلد ہائی کورٹ سے مثبت فیصلہ آئیگا اور بے قصور افراد قید سے باہر آہیں گے انشا اللہ- ہم ممبئی میں سینئر وکلاء سے مسلسل رابطے میں ہیں اور قانونی لڑائی کے لیے حکمت عملی تیار کی جاچکی ہے- مستقیم ڈگنیٹی نے محروسین کے اہل خانہ کو کہا کہ مقامی عدالت کے ضمانت نامنظور کرنے کے فیصلے سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے- کبھی کبھی عدالتی سسٹم سست رفتاری سے کام کرتا ہے- لیکن ہمیں صبر سے کام لینا ہے- ہمیں انصاف بہت جلد ملے گا اور بے قصور افراد قید و بند کی صعوبتوں سے آزاد ہونگے-
اس اہم میٹنگ میں شان ہند و مستقیم ڈگنیٹی کے علاوہ رضوان بیٹری والا کے فرزند عمران بیٹری والا، ناصر کرانہ والا کے فرزند نظیر خان، محسن خان، ساجد پاپا و دیگر محروسین کے اہم خانہ موجود تھے- 12 نومبر تشدد معاملے میں گرفتار افراد کی رہائی کے لیے جنتادل سیکولر کے ذمہ داران مسلسل جدوجہد کررہے ہیں- اب تک 20 سے زائد ملزمین کی ضمانت مقامی عدالت سے حاصل کی جاچکی ہے- اسکے علاوہ کچھ ملزمین کی ضمانت قبل از گرفتاری اور عبوری ضمانت بھی کورٹ نے منظور کی ہے-
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں