تحریک عدم اعتماد آئین کے خلاف قرار دئے جانے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی
اسلام آباد، 3 اپریل (یو این آئی) پاکستان میں تحریک عدم اعتماد آئین کے خلاف قرار دئے جانے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد خصوصی طور پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قوم الیکشن کی تیاری کرے ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیا ہے، میں ساری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ سازش ساری قوم کے سامنے ہورہی تھی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے صدر کو تجویز پیش کی ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کریں، تا کہ الیکشن ہوں اور عوام فیصلہ کرے کہ وہ کسے لانا چاہتی ہے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو کہتا ہوں آپ انتخابات کی تیاری کریں، آپ کو ملک کا فیصلہ کرنا ہے، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد جو ہوگا وہ سب دیکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں یہ اتنی بڑی بیرون ملک سازش ناکام ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ڈپٹی اسپیکر (اسپکر نشیں) قاسم سوری نے آئین کے رولنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا اور غیر معینہ مدت کیلئے قومی اسمبلی ملتوی کردی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں