3 مئی تک مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیں ورنہ...'
ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کا ریاستی حکومت کو الٹی مٹیم
مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے منگل کو تھانے میں ایک ریلی کے دوران ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ 3 مئی تک مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے۔ ایم این ایس کے حامیوں کے ایک بڑے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ اگر لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے گئے تو پارٹی کارکنان مساجد کے سامنے لاؤڈ اسپیکر سے ہنومان چالیسہ بجانا شروع کر دیں گے۔
ٹھاکرے نے منگل کو پانی ریلی کے دوران کہا کہ اگر ریاستی حکومت نے کاروائی نہیں کی اور تمام لاؤڈ اسپیکرز کو نہیں ہٹایا تو پھر انہیں یا ان کی پارٹی کو مزید کاروائی کے لیے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے۔
اس مہینے کے شروع میں، ایم این ایس کے سربراہ ٹھاکرے نے اعلان کیا تھا کہ مہاراشٹر حکومت کو مساجد سے تمام لاؤڈ اسپیکر ہٹانے چاہئیں، کیونکہ اس سے دوسروں کو پریشانی ہوتی ہے۔
ٹھاکرے نے کہا تھا کہ وہ کسی نماز کے خلاف نہیں ہیں، لیکن لوگوں کو اپنے گھروں میں اپنے عقیدے کی پیروی کرنی چاہیے اور دوسروں کو پریشان نہیں کرنا چاہیے۔
راج ٹھاکرے کے اس بیان کے بعد ایم این ایس کے کارکن جگہ جگہ لاؤڈ اسپیکر پر ہنومان چالیسہ پڑھ رہے ہیں۔ ممبئی کے کرلا اور گھاٹ کوپر میں ایم این ایس کے کارکنوں نے لاؤڈ اسپیکر پر ہنومان چالیسہ بجانے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے ان پر کاروائی کی اور کارکنوں کو نوٹس جاری کیا تھا۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں