یوپی الیکشن: آخری مرحلے کی پولنگ سے قبل اعظم گڑھ میں ایم آئی ایم لیڈر پر حملہ، اویسی نے ایس پی کو ٹھہرایا ذمہ دار
آخری مرحلے کی پولنگ سے قبل یوپی میں سیاسی ماحول کافی گرم ہوگیآ ہے۔ اعظم گڑھ میں ایس پی اور اے آئی ایم آئی ایم لیڈر کے درمیان ٹکڑاؤ ہوا۔ اسد الدین اویسی کی پارٹی مجلس اتحاد المسلیمن کے لیڈر شاہ عالم کی جانب سے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ایس پی کے مبارک پور کے ایم ایل اے پر شراب پی کر مارپیٹ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔
اپنے لیڈر پر حملے کا الزام لگاتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ ایس پی کے لوگ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا کہ کل رات 1.30 بجے ہمارے امیدوار شاہ عالم عرف گڈو جمالی صاحب پر اعظم گڑھ شہر کے محلہ کوٹ چوراہا میں ایس پی کارکنوں نے حملہ کیا۔ حملہ آور نشے کی حالت میں تھے۔ جمالی صاحب کے 2 ساتھی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
اویسی نے اپنی پوسٹ میں لکھا- الحمدللہ شاہ عالم صاحب محفوظ ہیں۔ ایس پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ ہم گولیوں اور لاٹھیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ پرامن ووٹنگ کے لیے ان سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی ضروری ہے۔ ہم نے شکایت بھی درج کرائی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سمیت اتر پردیش کے نو اضلاع کی 54 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے حصے کے طور پر پیر کو ووٹنگ ہوگی۔ ریاست کے چیف الیکشن آفیسر اجے کمار شکلا نے بتایا کہ ساتویں مرحلے میں وارانسی، چندولی، بھدوہی، مرزا پور، رابرٹس گنج، غازی پور، مئو، اعظم گڑھ اور جونپور اضلاع کے 54 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ساتویں مرحلے میں 2.06 کروڑ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور ان میں سے 1.09 کروڑ مرد، 97.08 لاکھ خواتین اور 1027 تیسرے درجے کے (ٹرانس جینڈر) ووٹر ہیں۔ اس مرحلے میں 54 اسمبلی حلقوں میں 613 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 75 خواتین امیدوار ہیں۔ ساتویں مرحلے کی 54 نشستوں میں سے 11 درج فہرست شیڈول کاسٹ اور دو درج فہرست قبائلی طبقے کے لیے مخصوص ہیں۔
اتر پردیش انتخابات کے چھ مرحلوں میں 349 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 10 فروری کو ہوئی تھی اور ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں