اومیکرون ویرینٹ کورونا وائرس:
مہاراشٹر میں 'اومیکرون' کا پہلا کیس، ملک میں اب تک چار کیس رپورٹ ہوئے
مہاراشٹر کے تھانے ضلع کا ایک شخص کورونا وائرس کی نئی شکل 'اومیکرون' سے متاثر پایا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں اس شکل کے انفیکشن کا یہ پہلا اور ملک میں چوتھا کیس ہے۔ مہاراشٹر میں سامنے آنے والے اس معاملے کے بارے میں، سرکاری ذرائع نے ہفتے کے روز دہلی میں بتایا کہ یہ 33 سالہ شخص 23 نومبر کو جنوبی افریقہ سے دبئی کے راستے دہلی ایئرپورٹ پہنچا تھا، جہاں اس نے کوویڈ ٹیسٹ کے لیے سیمپل دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ممبئی کی فلائٹ پکڑی۔
اس سلسلے میں ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص کو ہلکا بخار ہے، لیکن اس میں کوویڈ-19 کی دیگر علامات نہیں ہیں۔ اس سے قبل کرناٹک اور ایک گجرات میں 'اومیکرون' سے متعلق دو معاملات سامنے آ چکے ہیں۔ مہاراشٹر کے محکمۂ صحت کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ارچنا پاٹل نے ممبئی میں میڈیا کو بتایا، "کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن علاقے کا ایک شخص کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے متاثر پایا گیا ہے۔ ریاست میں یہ پہلا سرکاری معاملہ ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "وہ (آدمی) چار لوگوں کے ایک گروپ کے ساتھ آیا تھا ۔ ان کا آر ٹی پی سی آر کیا جائے گا اور جینوم سکوینسنگ بھی کی جائے گی۔ مہاراشٹر کے محکمۂ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ کے ڈی ایم سی علاقے کے رہنے والے اس متاثرہ شخص کو اب تک کوئی ویکسین نہیں ملی ہے۔ اسے ڈومبیولی کے ایک کیئر سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
محکمہ نے کہا، "وہ 24 نومبر کو جنوبی افریقہ سے دبئی اور دہلی کے راستے ممبئی واپس آیا۔ اسے ہلکا بخار ہے، لیکن کوویڈ 19 کی کوئی دوسری علامات نہیں ہیں۔" اس نے کہا کہ تمام 12 افراد (متاثرہ شخص کے رشتہ دار اور ساتھی مسافر) کا پتہ لگالیا گیا ہے، اور ان کی کوویڈ 19 کی جانچ کی گئی ہیں، جس کی رپورٹ نیگیٹیو آئی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ متاثرہ شخص کے ساتھی مسافروں سمیت 23 دیگر افراد کی ٹیسٹ رپورٹ بھی نیگیٹیو آئی ہے۔
دریں اثناء، مہاراشٹر کے پونے کا ساکن ایک 60 سالہ زمبابوے سے واپس آنے کے بعد کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا، لیکن اس کے جینوم سکوینسنگ سے یہ بات سامنے آئی کہ وہ ڈیلٹا سب ٹائپ سے متاثر تھا۔ کے ڈی ایم سی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جس شخص کا 'اومیکرون' ٹیسٹ مثبت آیا وہ ایک انجینئر ہے۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (KDMC) کے ایپیڈیمک کنٹرول سیل کی سربراہ ڈاکٹر پرتیبھا پن پاٹل نے کہا، "مختلف ممالک سے ڈومبیولی-کلیان علاقے میں آنے والے چھ افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں، جو کوارٹنائن ہیں۔ "
ان میں سے چار نائیجیریا سے اور ایک ایک شخص روس اور نیپال سے آیا ہے۔ ڈاکٹر پن پاٹل نے کہا، "تمام چھ افراد کی حالت مستحکم ہے۔ ان میں علامات نہیں ہیں اور ان میں سے کوئی بھی زیادہ خطرے والے ممالک سے نہیں آیا ہے۔"
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں