جمعیۃ علماء ساؤتھ سینٹرل زون، ممبئی کا انتخابی اجلاس بحسن و خوبی اختتام پذیر
حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی (صدر) مولانا یار محمد قاسمی (جنرل سیکریٹری) مولانا محمد محسن قاسمی(خازن) منتخب کئے گئے
ممبئی 21؍نومبر :جمعیۃعلماء ہند کی ممبر سازی کا مرحلہ اختتام کو پہنچ چکا ہے اور مقامی، ضلعی سطح پر یونٹوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ میقات کے لئے جمعیۃعلماء ساؤتھ سینٹرل زون کے عہدے داران کا انتخابی اجلاس 21 نومبر 2021 کو دفتر دار العلوم دیوبند، ممبئی برانچ ،واقع گارڈن ہال اپارٹمنٹ، ناگپاڑہ، ممبئی کے ہال میں زون کے صدر حافظ عظیم الرحمن صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا،اس اجلاس میں مشاہدین کی حیثیت سے مولانا محمد عارف عمری (رکن مجلس عاملہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر) اور مولانا لیاقت علی قاسمی (جنرل سیکریٹری جمعیۃعلماء سائوتھ زون،ممبئی) نے شرکت کی ۔
مولانانور الرحمٰن قاسمی کی تلاوت قرآن پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا ،اور انتخابات کا سلسلہ علی الفور شروع ہو گیا،مولانا یار محمد قاسمی نے آئندہ ٹرم کی صدارت کے لئے حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی کا نام پیش کیا ، حافظ عظیم الرحمن صدیقی صاحب نے اپنی درازی عمر اور خرابی صحت کو بیان کرکے آئندہ میقات کے لئے کسی نوجوان کو منتخب کرنے کی گزارش کی، لیکن جملہ ممبران نے ان کی اس بات سے اتفاق نہیں کیا،اور ان کو ایک بار پھر ساؤتھ سینٹرل زون،ممبئی کا صدر منتخب کر لیا گیا ۔
نائبین صدر میں مولانا محمد عمران ندوی ،عبد الرشید مومن،حافظ عبد اللطیف،حاجی محمداسلام کو اور جنرل سکریٹری کے لئے مولانا یار محمد قاسمی کو ایک بار پھر منتخب کیا گیا،سکریٹریز میں افضل حسین،محفوظ الرحمٰن انصاری،ریحان انصاری،قاری امان اللہ کو اور خازن کے لئے مولانا محمد محسن قاسمی نیز ان کی معاونت کے لئے انعام الرحمٰن کو منتخب کیا گیا۔
انتخابی عمل کے مکمل ہونے کے بعد مولانا محمد عارف عمری (مشاہد) نے جمعیۃعلماء کی تاریخ اور اس کے کارناموں پر مختصر روشنی ڈالی اور انتخاب کے اچھے ڈھنگ سے مکمّل ہونے پر زون کے ممبران کو مبارکباد پیش کی،
اخیر میں زون کے صدر حافظ عظیم الرحمن صدیقی کی ناصحانہ گفتگو اور دعا پر اجلاس اختتام کو پہنچا
مولانا یار محمد قاسمی نے تمام شرکاء کے ظہرانہ کا نظم کیا تھا،اجلاس میں شرکت کیلئے جمعیۃعلماء ساؤتھ سینٹرل زون کے ممبران مجلس منتظمہ کافی تعداد میں موجود تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں