ممبئی : ڈی این نگر پولس نے ٹی سیریزکے منیجنگ ڈائریکٹر بھوشن کمار پر عصمت دری کا مقدمہ درج کیا.
گیت کار گلشن کمار کے بیٹے اور ٹی سیریز کے منیجنگ ڈائریکٹر بھوشن کمار کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بھوشن کمار پر ایک تیس سالہ خاتون نے یہ سنگین الزام عائد کیا ہے۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ سال 2017 سے اگست 2020 تک کام حاصل کرنے کے نام پر اس نے خاتون کے ساتھ گھناؤنا فعل انجام دیا۔ متاثرہ نے بھوشن کمار کے خلاف ممبئی کے ڈی این نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبئی پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ بھوشن کمار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ (IPC) 376 (عصمت دری) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ، ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ممبئی کے ڈی این نگر پولیس اسٹیشن میں یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کیس کی تفتیش جاری ہے ، ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
تفتیشی افسران کے مطابق ، متاثرہ 30 سالہ خاتون ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ممبئی پولیس سے بھوشن کمار کے بارے میں تحقیقات کی جائے گی اور ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا ، ابھی تک ان الزامات کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ہیں۔ بھوشن کمار ہندی فلم انڈسٹری میں اپنے کام کے لئے مشہور ہے۔ انہوں نے 1997 میں میوزک کمپنی ٹی سیریز کی باگ ڈور اس وقت سنبھالی تھی جب ان کے والد گلشن کمار کو قتل کردیا گیا تھا۔ تب ان کی عمر محض 19 سال تھی۔ انہوں نے 2001 میں رومانس ڈرامہ 'تم بن' سے فلمی پروڈکشن کا آغاز کیا تھا ۔ بھوشن نے 'بھول بھولیا' ، اور 'عاشقی 2' جیسی بیک ٹو بیک ہٹ فلمیں دی ہیں۔ بھوشن کمار نے اداکارہ دیویہ کھوسلا کمار سے 13 فروری 2005 کو شادی کی تھی ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں