انیل دیشمکھ پر ای ڈی کی بڑی کاروائی ، 4.20 کروڑ کی جائیداد ضبط
مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 4.20 کروڑ روپے کے غیر منقولہ اثاثے قرق کردیئے ہیں۔ اس جائیداد کے مالکانہ حق انیل دیشمکھ اور ان کے اہل خانہ کے نام تھے ۔ جس میں ان کی اہلیہ آرتی دیشمکھ اور پریمیر پورٹ لنکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام شامل ہیں۔ انیل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے ایف آئی آر درج ہونے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ نے انیل دیشمکھ پر 100 کروڑ روپئے ہفتہ وصولی کا الزام عائد کیا تھا۔ ان الزامات کے بعد دیشمکھ کی پریشانیوں میں اضافہ ہونے لگا۔ سی بی آئی کے ذریعے کیس درج ہونے کے بعد انہیں اپنے عہدے سے بھی استعفیٰ دینا پڑا۔
انیل دیشمکھ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے تین بار پوچھ تاچھ کے لئے بھیجے گئے سمن کو سنجیدگی سے نہ لیتے ہوئے تفتیشی ایجنسی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے ۔ جس کے بعد ای ڈی نے ان کے بیٹے رشی کیش اور اہلیہ بھی طلب کیا تھا لیکن انہوں نے بھی بیان ریکارڈ کرنے سے انکار کردیا۔ یہ سمن مہاراشٹر پولیس سے متعلق 100 کروڑ روپئے کی مبینہ ہفتہ وصولی کیس سے متعلق تھا۔ جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت تفتیش کی جانی تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں