سینئر صحافی انصاری احسان الرحیم کی کتاب ”آئینہ صحافت“ کا عظیم الشان اجراء ,
روزنامہ"ہندوستان" کے سرفراز آرزو سمیت مہاراشٹر کے سینئ صحافیوں کی شرکت , 40 سالہ صحافتی خدمات کا اعتراف
مالیگاؤں (نامہ نگار) ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے سنیئرصحافی انصاری احسان الرحیم کی تخلیق کردہ صحافتی کتاب بعنوان”آئینہ صحافت“ کا کل اجراء 11جولائی 2021بروز اتوار کو صبح 11بجے بمقام اسکس ہال، اے ٹی ٹی اسکول کے سامنے، میں عمل میں آرہا ہے۔ اس اجرائی تقریب کی صدارت روزنامہ "ہندوستان" کے ایڈیٹر سرفراز آرزو انجام دیں گے . اس کتاب میں موصوف کی چالیس سالہ صحافتی خدمات کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں بنیادی صحافتی اصولوں سے لیکر ماضی و موجودہ صحافت پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ اس کتاب میں صحافتی، سیاسی، سماجی، فلاجی، تعلیمی، دینی و ملی سرگرمیاں، فیچر اسٹوریز، انٹرویو ز اور دیگر اہم خبروں کو تاریخی دستاویز کی شکل دی گئی ہے۔ مالیگاؤں شہر کے صحافتی سرخیل مرحوم مولانا عبدالمحید نعمانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بے شمار افراد نے پیشہ صحافت کو اپنایا. بے شمار اردو روزنامے اور ہفت روزہ نامساعد حالات کے باوجود اشاعت پذیر ہوتے رہے اور دم بھی توڑتے رہے. ہر صحافی کا اپنا ایک الگ انداز اور اسلوب رہا کرتا ہے.. کسی کا انداز بیان تیکھا, ترش یا طنز و مزاح پر مبنی ہوا کرتا ہے تو کوئی در گزر کی پالیسی پر مصلحت آمیز رویہ اختیار کئے ہوئے خبری گیری میں مست رہتا ہے. شہر میں ایک اردو روز نامہ طویل عرصہ سے مرحوم عبدالرشید قادری کی ادارت میں شائع ہوتا رہا ہے. اس اخبار نے نئے لکھنے والوں کی کامیاب آبیاری کرتے ہوئے ان کے لب و لہجہ اور انداز سخن میں پختگی اور توانائی پنہاں کر دی تھی. شہر کے دین دار گھرانے خانوادہ مولانا عبدالاحد ازہری اور عبدالطیف سلسبیل کے برادر عزیزی انصاری احسان الرحیم طویل عرصہ تک اخبار" روز نامہ "کی طباعت و آ اشاعت کے لئے خون دل کی سیاہیاں روز نامہ کے صفحات پر بکھیرتے رہے تھے. بعد ازاں انھوں نے روز نامہ "نشاط نیوز "کی سپہ سالاری کرتے ہوئے قلعہ صحافت فتح کرکے سرخروئی حاصل کی.اس سے قبل انصاری احسان الرحیم نے روز نامہ "اردو ٹائمز "ممبئی اور روز نامہ "سہارا " ممبئی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی اہمیت ثابت کی تھی. ان کے ذریعے ترتیب شدہ کتاب آئینہ صحافت ان کے 40 سالہ طویل ترین صحافتی سفر کا عکس جمیل ہے. ارباب نقد و نظر کا اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ انصاری احسان الرحیم کی اس بے مثال کاوش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے نیک مقصد کو کامیابی سے ہمکنار کریں .اپنے صحافتی سفر کے دوران جب انھیں تھکن کا احساس ہوا تو اس دوران انھیں خیال آیا کہ کیوں نہ اپنے طویل ترین تجربات و حوادث کی شکل میں جو کچھ بھی حاصل ہوا ہے اسے نئے آنے والوں کے لئے راہ نمائے منزل کی شکل میں پیش کردیا جائے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج انصاری احسان الرحیم اپنی ترتیب و تالیف شدہ صحافتی روداد پر مبنی کتاب "آئینہ صحافت "کے ہمراہ کتابستان میں داخل ہونے کی سعی مسلسل مصروف ہیں. ان کے طویل ترین تجربات نے وہ سبق سکھایا ہے کہ صحافت تیسہ بدست رہتے ہوئے پہاڑ کاٹ کر جوئے شیر رواں دواں کرنے جیسا معاملہ ہے. انصاری احسان الرحیم خوب جانتے ہیں کہ صحافت کے بحر بے کراں میں غواصی کا فن کیا ہے. پر شور موجوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے تہہ آب ہونا اور پھر صحافت کے گوہر آبدار سمیٹ کر صفحہ قرطاس پر اس طرح پھیلا دینا کہ کورا کاغذ بول اٹھے. کتابیں انسانی زندگی کے تہذیبی, تمدنی, معاشرتی, فلاحی, سیاسی, تعلیمی اور مذہبی اقدار کی مساعئ جمیلہ کا روح رواں ہوتی ہیں جنھیں سینہ بہ سینہ نئی نسلوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دینے والا ہی جاودانی کا حقدار ہوا کرتا ہے. ماضی میں مرحوم عبدالمجید سرور نے صحافت پر مبنی "نقش پا "جیسی ہنگامہ پرور کتاب کی اشاعت کی تھی. وہ دور کہنہ سالی کا دور تھا جبکہ آج الیکٹرانک اور شوشل میڈیا نے طوفان بد تمیزی برپا کررکھا ہے. شوشل میڈیا کے مقابل انصاری احسان الرحیم کی یہ کاوش اس قابل ہے کہ اس کا خیر مقدم کیا جائے .
اس پروگرام کی نظامت معروف صحافی و ناظم مختار عدیل اور رضوان ربانی نبھائیں گے ۔ اس پروگرام کے الداعیان میں ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری، ساجد نعیم، زاہد ندیم اور شہاب انصاری ماسٹر شامل ہیں۔ منتظمین میں ایس این انصاری، عمران راشد، فرنود رومی، عبداللہ انصاری، ریحان اختر، وسیم موسی، رضوان ربانی، اردو سٹی پورٹل ٹیم اور ادارہ ربانی کی جانب سے پروگرام کو کامیابی و تاریخی بنانے میں تمام لوگوں سے شرکت کی گذارش کی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں