![]() |
مالیگاؤں : انصاری احسان الرحیم کی کتاب "آئینہ صحافت" کا کامیاب اجراء
آئینہ صحافت کتاب آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ :سرفراز آرزو (مدیر, روزنامہ ہندوستان )
مالیگاؤں (پریس ریلیز) ریاست مہاراشٹر کا شہر مالیگاؤں یوں تو اردو اخبارات ,صحافت اور صحافیوں کی وجہ سے بھی جاناجاتا ہے. شہر میں روزنامہ, سہہ روزہ اور ہفتہ واری اخبارات باقاعدہ پابندی کے ساتھ شائع ہوتے ہیں. وہیں مالیگاؤں شہر کے اردو قارئین, قلمکاروں اور صحافیوں نے اردو زبان و تہذیب کو مزید فروغ دیا.
شہر مالیگاؤں کے معروف سینئر صحافی انصاری احسان الرحیم کی صحافتی کتاب آئینہ صحافت کا اجراء بروز اتوار 11 جولائی 2021 کو اسکس ہال قدوائی روڈ پر کامیابی سے ہمکنار ہوا.
اس تقریب کی صدارت روزنامہ ہندوستان ممبئی اخبار کے مدیر سرفراز آرزو نے نبھائی. تقریب اجراء میں بطور مہمان و مقرر خصوصی معروف سرجن ڈاکٹر سعید فارانی, ٹائمز آف انڈیا کے اسسٹنٹ ایڈیٹر متین حفیظ, ایشیاء ایکسپریس کے مدیر شارق نقشبندی, سابق کونسلر یونس عیسی, ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی, رضوان بیٹری والا اور عزیز مقادم نے کتاب اور صاحب کتاب پر تاثرات پیش کئے.
سرفراز آرزو نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ ہندوستان میں اردو صحافت نے بہت اہم رول ادا کیا اور آج بھی کر رہی ہے. مالیگاؤں شہر کی چالیس سالہ صحافت پر مبنی کتاب آئینہ صحافت یقیناً آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگی. کیونکہ انصاری احسان الرحیم نے غیرجانبدار صحافت انجام دی اور ان کے قلم سے لکھے ہوئے مضامین, خبروں, اسٹوریز , انٹرویوز اور دینی, ملی, تعلیمی, سماجی و سیاسی سرگرمیوں کو یکجا کر کے کتابی شکل دی. اس کتاب کو پڑھنے کے بعد مالیگاؤں میں اردو صحافت کا اہم کردار محسوس ہونے لگے گا. انھوں نے کہا کہ ان کا تعلق مالیگاؤں شہر بہت پرانا ہے اورانھوں کچھ سال انھوں نے انصاری احسان الرحیم کے ساتھ ہندوستان اخبار مالیگاؤں ایڈیشن شائع کیا.
اس پروگرام کی نظامت معروف ناظم رضوان ربانی نے بخوبی نبھائی. صاحب کتاب کا تعارف صحافی مختار عدیل نے پیش کیا. معروف ناظم مشاعرہ و ساعر عمران راشد نے سپاس نامہ کی خواندگی کی اور صاحب کتاب کی خدمات میں پیش کیا. صاحب کتاب کی چالیس سالہ صحافتی خدمات کا اعتراف اور اعزاز کیا گیا.
اس موقع پر بطور مہمان کرام میں محمد مکی سیٹھ (نائب صدر جمیعتہ علماء مالیگاؤں), عبدالمالک سیٹھ بکرا, لطیف عزیز, لطیف جعفری, سلیم رضوی, خیال انصاری, خیال اثر, حارث قادری, دستگیر ایم اے, منصور اکبر, زاہد دیوان, حلیم صدیقی, عتیق خطیب, احتشام بیکری والا, عرفان صدیقی, ناصر رائل, ریاض بنکر اور دیگر شہر مالیگاؤں کے سرکردہ سیاسی, سماجی, زمرہ تعلیمی, دینی و ملی شخصیات نے بھی شرکت کی.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں