بھیونڈی : وزیر نگراں کے
خلاف توہین آمیز تبصرہ
کرنے والے کو پولیس نے کیا
گرفتار۔
بھیونڈی: (نامہ نگار) ریاست کے شہری ترقیاتی وزیر ایکناتھ شندے کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے والے ایک نوجوان کو نارپولی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے شیوسینا کے کارپوریٹر اشوک بھوسلے کی شکایت پر ہریش جوشی (38) کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 500،505 (1) (k) اور 505 (2) کے تحت معاملہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔
نارپولی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں اشوک بھوسلے نے کہا ہے کہ کالہیر کے بلڈر کو عمارت کی تعمیر کے لئے مٹیریل سپلائی کرنے والے ہریش جوشی نے ایکناتھ شندے کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرکے دو معاشروں کے مابین دشمنی پیدا کرنے کے لئے واٹس ایپ پر ایک پوسٹ وائرل کیا تھا۔ جس میں ہریش جوشی نے 11 جون کو واٹس ایپ پر ایکناتھ شندے کی تصویر کے ساتھ توہین آمیز تبصرہ کرکے آگری اور کولی سماج کے مابین دشمنی ، عداوت اور برائی پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔ شیوسینا لیڈر کے خلاف واٹس ایپ پر کئے گئے توہین آمیز تبصرہ دیکھنے کے بعد انہیں شدید تکلیف ہوئی۔ شیوسینکوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے 13 جون کو نارپولی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرادیا ہے۔ شکایت درج کرانے کے بعد پولیس نے توہین آمیز تبصرہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔






کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں